منچلے نے 11 کنٹینروں کو خوبصورت گھر میں بدل دیا

ویب ڈیسک  اتوار 17 نومبر 2019
یہ مکان گیارہ کنٹینروں کی مدد سے بنایا گیا ہے اور انتہائی خوبصورت ہے۔ (تصاویر بحوالہ: اوڈیٹی سینٹرل)

یہ مکان گیارہ کنٹینروں کی مدد سے بنایا گیا ہے اور انتہائی خوبصورت ہے۔ (تصاویر بحوالہ: اوڈیٹی سینٹرل)

ہیوسٹن، ٹیکساس: ایک امریکی ڈیزائنر اور آرکٹیکٹ وِل بریاکس نے اپنے فن کا مظاہر بالکل مختلف انداز سے کیا ہے: انہوں نے بحری جہازوں میں مال برداری کے لیے استعمال ہونے والے 11 کنٹینروں کو اس طرح ایک ساتھ رکھا ہے کہ وہ 3 منزلہ مکان میں تبدیل ہوگیا ہے۔

اگرچہ یہ مکان ابھی ادھورا ہے لیکن مک گوون اسٹریٹ، ہیوسٹن سے گزرنے والوں سے دادِ نظارہ وصول کر رہا ہے۔

اس اچھوتے خیال کے بارے میں بریاکس کہتے ہیں کہ ہر انسان کو ذاتی پسند اور ناپسند کے حساب سے سوچنے اور کرنے کی آزادی ہے۔ جب انہوں نے کچھ الگ کرنے کے بارے میں سوچا تو ان کے ذہن میں شپنگ کنٹینروں سے مکان بنانے کا خیال آیا۔

پہلے تو انہوں نے کمپیوٹر پر اس مکان کا پورا تھری ڈی ڈیزائن اور واک تھرو وغیرہ تیار کیے، جس کے بعد 2017ء میں انہوں نے اپنے گھر کے برابر میں یہ گیارہ کنٹینر ایک مخصوص ترتیب سے رکھوا دیئے۔

پھر خود ہی کام میں لگ گئے اور تھوڑا تھوڑا کرکے اسے مکمل کرنے لگے۔ آج، دو سال گزرنے کے بعد، یہ مکان بڑی حد تک مکمل ہوچکا ہے۔ باہر سے یہ شاید اتنا دیدہ زیب نہ ہو لیکن اندر سے یہ بے حد خوبصورت اور آرام دہ ہے۔

’’اگر میرے پاس پوری رقم ہوتی تو میرے خوابوں کا یہ مکان بہت پہلے ہی مکمل ہوچکا ہوتا، لیکن امید ہے کہ جلد ہی اس پر میرا کام مکمل ہوجائے گا،‘‘ بریاکس نے ذاتی بلاگ میں لکھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔