ساس کے علاوہ سب پوچھتے ہیں کہ میں کب ماں بنوں گی، ثانیہ مرزا

ویب ڈیسک  بدھ 23 اکتوبر 2013
بطور شوہر شعیب میں اتنا تحمل اور صبر ہے کہ آدمی ان کے صبر سے پاگل ہو جائے، ثانیہ مرزا    فوٹو: اے ایف پی/فائل

بطور شوہر شعیب میں اتنا تحمل اور صبر ہے کہ آدمی ان کے صبر سے پاگل ہو جائے، ثانیہ مرزا فوٹو: اے ایف پی/فائل

ممبئی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کہا ہے کہ  ساس نے کبھی مجھ سے یہ نہیں پوچھا کہ میں کب ماں بنوں گی لیکن لوگ مجھ سے یہ سوال ضرورکرتے ہیں جوبہت عجیب لگتا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے نے ثانیہ مرزا سے ایک انٹرویو کے دوران جب یہ سوال کیا کہ آپ کی ساس توضرورپوچھتی ہوں گی کہ بچے کی ماں کب بنوں گی تو ثانیہ کا کہنا تھا کہ میری ساس نے آج تک مجھ سے اس حوالے سے کوئی سوال نہیں کیا ہاں لیکن دوسرے لوگ ضرور یہ سوال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ سوال مجھے بہت ہی عجیب لگتا ہے، سمجھ نہیں آتا سوشل نیٹ ورکنگ سائٹس پر لوگ کس طرح یہ سوال پوچھ سکتے ہیں، لوگ کہتے ہیں کہ اب تو آپ کی شادی کو 4 سال ہو گئے ہیں آپ کے بچے کب پیدا ہوں گے، شکر ہے کہ میری ساس ایسی نہیں ہیں۔

ثانیہ مرزا کا کہنا تھا کہ میرے سُسر کا انتقال ہو چکا ہے، لیکن میری ساس بہت اچھی ہیں، میں پاکستان زیادہ نہیں جا پاتی گزشتہ سال وہ بھارت آئی تھیں اور اکثر ان سے فون پر بات کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری ساس اس بات کو بھی سمجھتی ہیں کہ میں کس قدر مصروف رہتی ہوں، ثانیہ مرزا کا مزید کہنا تھا کہ بطور شوہر اور بطور کرکٹر شعیب بالکل مختلف ہیں، کرکٹ کے میدان میں شعیب سے ذرا بھی صبر نہیں ہوتا، انہیں ہمیشہ گیند کو مارنے کی جلدی رہتی ہے لیکن بطور شوہر ان میں اتنا تحمل اور صبر ہے کہ آدمی ان کے صبر سے پاگل ہوجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔