آسٹریلوی شخص نے انگلیوں سے مگرمچھ کی آنکھیں پھوڑ کر اپنی جان بچالی

ویب ڈیسک  اتوار 17 نومبر 2019
مگرمچھ کے سخت جاں جسم میں سب سے نرم حصہ آنکھوں کے پپوٹے ہوتے ہیں۔ فوٹو : فائل

مگرمچھ کے سخت جاں جسم میں سب سے نرم حصہ آنکھوں کے پپوٹے ہوتے ہیں۔ فوٹو : فائل

سڈنی: آسٹریلیا میں ایک ریسکیو اہلکار نے مگرمچھ کی آنکھوں پر اپنی انگلیوں سے پہ در پہ وار کرکے خود کو مضبوط جبڑوں سے آزاد کرالیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ادارہ تحفظ جنگلی حیات کے ایک اہلکار نے 9 فٹ لمبے اور تیز دھار جبڑے والے مگرمچھ کے مضبوط شکنجے میں پھنسنے پر ہمت نہیں ہاری اور اپنی حاضر دماغی کے باعث زندگی کی جنگ جیت لی۔

کریگ ڈکمین نے مچھلی کے شکار کے لیے شمالی آسٹریلیا کے ایسے علاقے کا رخ کیا جسے لاتعداد مگر مچھوں کی موجودگی کے باعث مگر مچھوں کا ملک کہا جاتا ہے۔ مچھلی کے شکار کے بعد ساحل سے باہر آتے ہوئے انہیں مگرمچھ نے دبوچ لیا۔

باریک اور تیز دھار دانتوں سے مگرمچھ نے کریگ ڈکمین کی ران کو جبڑے میں دبوچا اور گھسیٹتے ہوئے واپس پانی میں لے جانے لگا، آسٹریلوی شخص نے مگرمچھ پر راڈ سے وار کیے لیکن ’بُلٹ پروف‘ جیسا سخت گیر جسم رکھنے والا مگر مچھ ٹس سے مس نہ ہوا۔

قریب تھا کہ مگر مچھ ڈکمین کو مکمل طور پر بے بس کر پانی میں لے جاتا، وائلڈ لائف اہلکار نے پیشہ ورانہ تجربے کو استعمال میں لاتے ہوئے مگر مچھ کی آنکھوں میں اپنی انگلیاں داخل کردیں جسے مگر مچھ برداشت نہ کرسکا اور گرفت کمزور پڑ گئی۔ موقع غنیمت جان کر ڈکمین مگرمچھ کی پیٹھ پر چڑھ گیا اور جبڑے کو مچھلی پکڑنے کے تار سے باندھ کر قابو کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔