ڈیرہ بگٹی این اے 259 میں دوبارہ پولنگ، شاہ زین بگٹی کی برتری برقرار

ویب ڈیسک  اتوار 17 نومبر 2019
این اے 259 سے شاہ زین بگٹی کامیاب قرار پائے تھے تاہم ان کی کامیابی کو آزاد امیدوار نے چیلنج کیا تھا (فوٹو: فائل)

این اے 259 سے شاہ زین بگٹی کامیاب قرار پائے تھے تاہم ان کی کامیابی کو آزاد امیدوار نے چیلنج کیا تھا (فوٹو: فائل)

کوئٹہ: ڈیرہ بگٹی این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج سامنے آگئے پہلے سے فتح یاب امیدوار شاہ زین بگٹی نے کی برتری تاحال برقرار ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق این اے 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی، 18 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

اس نشست سے 2018ء کے الیکشن میں نواب زادہ شاہ زین بگٹی کامیاب ہوئے تھے تاہم آزاد امیدوار طارق کھیتران نے 29 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے انہیں سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جواب میں سپریم کورٹ نے ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو این اے 259 کے ان 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا تھا۔

اب 29 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں جس کے مطابق نواب زادہ شاہ زین بگٹی 20 ہزار 895 ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جب کہ آزاد امیدوار نے 2054 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔