بھارت میں 117 سال قدیم چرچ میں آگ بھڑک اُٹھی، 2 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  اتوار 17 نومبر 2019
چرچ کا رکھوالا جوڑا نادر و قدیم اشیا کو بچانے کی کوشش میں شعلوں کی لپیٹ میں آگیا۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

چرچ کا رکھوالا جوڑا نادر و قدیم اشیا کو بچانے کی کوشش میں شعلوں کی لپیٹ میں آگیا۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

شیلانگ: بھارتی ریاست میگھالیہ میں قدیم چرچ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں قریبی گھر میں رہائش پذیر ایک جوڑا جھلس کر ہلاک ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست میگھالیہ میں قدیم ورثے کے حامل 117 سالہ چرچ میں مرمت کا کام جاری تھا کہ اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے بلند شعلے فلک کو چھونے لگے۔

چرچ سے ملحقہ کمرے میں رہائش پذیر جوڑے نے دھواں اٹھتے دیکھا تو چرچ میں داخل ہوگئے تاکہ قدیم و نادر اشیا کو بچایا جا سکے تاہم دونوں کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا اور دونوں آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آگئے۔

فائر بریگیڈ عملے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے چرچ میں لگی آگ پر قابو پالیا ہے تاہم عمارت کا ایک حصہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ چرچ میں بجلی کے تار تبدیل کیے جارہے تھے اور لکڑی کی کھڑکی ، دروازے تیار ہورہے تھے۔ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور لکڑیاں موجود ہونے کی وجہ سے تیزی سے پھیلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔