مسجد میں لوٹ مار کرنے والے تین ملزمان فوٹیج کی مدد سے گرفتار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 17 نومبر 2019

کراچی: بہادر آباد کی مسجد میں نمازیوں سے لوٹ مار کرنے والے تین ملزمان کو ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزمان عادم مجرم ہیں اور کئی بار گرفتار ہوچکے ہیں، ایک اور کارروائی میں ایس آئی یو پولیس نے شہریوں کو لوٹنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ سی آئی اے نعمان صدیقی نے اپنے دفترمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 9 نومبر کو بہادر آباد تھانے کی حدود میں دھوراجی کالونی میں واقع مسجد مصطفیٰ کے وضو خانے میں نمازیوں سے لوٹ مار کی واردات کی فوٹیج وائرل ہوئی تھی جس میں ملزمان نے نمازی عمران ڈھائی لاکھ روپے چھین لیے تھے، شہری بینک ٹائم ختم ہونے کی وجہ سے بینک میں رقم جمع نہیں کراسکا تھا اور رقم شہری کے پاس تھی اور وہ نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد گیا تھا جہاں ڈکیت اس کا تعاقب کرتے ہوئی مسجد میں داخل ہوگئے تھے۔

نعمان صدیقی نے بتایا کہ گزشتہ روز ایس آئی یو پولیس نے گارڈن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے اس جرم میں 3 ملزمان اقبال ولد تاج محمد، رضوان علی ولد عمرحیات اور محمد منیر ولد محمد بنارس کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، ملزمان اے ٹی ایم اور بینک سے رقم نکالنے والوں کو لوٹنے کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں اور کئی بار گرفتار ہوچکے ہیں، ان کے خلاف سرجانی ٹاؤن، شارع نورجہاں، کورنگی صنعتی ایریا، شارع فیصل اور بوٹ بیسن تھانے میں 9 مقدمات درج ہیں۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم رضوان کے خلاف سرسید اور خواجہ اجمیر نگری تھانے میں 5 مقدمات جب کہ ملزم منیر کے خلاف چاکیواڑہ، سرجانی ٹاؤن اور شارع نور جہاں تھانے میں 5 مقدمات درج ہیں،ملزم رضوان کو سب سے پہلے اس کے والد نے گرفتار کروایا تھا، ملزم گزشتہ کئی ماہ سے ٹی بی کے مرض میں بھی مبتلا ہے۔

دریں اثنا ایس ایس پی کے مطابق ایس آئی یو پولیس نے نارتھ کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے بورڈ آفس، حنیف اسپتال، حیدری، نارتھ ناظم آباد ، فائیو اسٹار چورنگی ،پوسٹ آفس، ضیاالدین اسپتال اور کٹی پہاڑی کے قریب اے ٹی ایم اور بینک سے رقم لے کرنکلنے والے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے 4 ملزمان امتیاز علی ولد محب علی، امیر بخش عرف فقیرا ولد محمد عالم ، ابراہیم ولد حنان اور عجب خان ولد زرے خان کو گرفتار کر کے اسلحہ، موٹر سائیکلیں، منشیات اور نقدی برآمد کرلی۔

یہ گروہ بھی اسٹریٹ کرائم کی بڑی وارداتوں میں ملوث ہے جس کے خلاف تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔