انسپکٹر جمشید سیریز کے مصنف اشتیاق احمد کی تیسری برسی

ویب ڈیسک  اتوار 17 نومبر 2019
وہ 5 اگست 1944ء کو بھارتی ریاست پانی پت میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان جھنگ میں آکر آباد ہوا (فوٹو: انٹرنیٹ)

وہ 5 اگست 1944ء کو بھارتی ریاست پانی پت میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان جھنگ میں آکر آباد ہوا (فوٹو: انٹرنیٹ)

 کراچی: ملک کے نامور ادیب، ناول نگار اور جاسوسی ڈراموں کے خالق اشتیاق احمد کو ہم سے بچھڑے تین برس بیت گئے۔

مصنف اشتیاق احمد 5 اگست 1944ء کو بھارتی ریاست پانی پت میں پیدا ہوئے اور قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان جھنگ میں آکر آباد ہوا۔ ان کی پہلی کہانی 1960ء میں ہفت روزہ ’قندیل‘ میں چھپی جس کا عنوان “بڑا قد” تھا جبکہ ان کے پہلے ناول کا نام” پیکٹ کا راز “تھا جو ایک رومانوی ناول تھا اور انھیں اس کا معاوضہ 50 روپے کی صورت میں ملا۔

وہ بچوں سے متعلق رسالوں کے ادیب ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں اور بڑوں میں یکساں مقبول تھے۔ ان کی انسپکٹر جمشید سیریز نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی، محمود ، فاروق ، فرزانہ اور انسپکٹر جمشید کے کردار پڑھنے والوں کے ذہن میں اشتیاق احمد کی یادیں ہمیشہ زندہ ر کھیں گے۔

Ishtiyaq Ahmed 2 express.pk

ان کی انسپکٹر کامران سیریز اور شوکی سیریز کو بھی خاص پذیرائی ملی۔ ان کے تحریر کردہ ناولوں کی مجموعی تعداد 1100 سے بھی زائد ہے جن میں بادلوں کے اس پار، غار کا سمندر، ہزار سال کا آدمی، مجرم کا چہرہ سمیت 800 سے زائد ناول جمشید سیریز پر مبنی ہیں اور ان کے 15 سے زائد ناول ابھی طباعت کے آخری مراحل میں ہیں۔

یاد رہے کہ اشتیاق احمد کراچی میں ہونے والے کتب میلے میں شرکت کے بعد واپس اپنے آبائی شہر جھنگ جانے کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر موجود تھے کہ اچانک انہیں دل کا دورہ پڑا جس کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکے اور 17 نومبر 2015ء کو ایئرپورٹ پر ہی انتقال کرگئے، ان کی عمر 71 برس تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔