فضائی آلودگی؛ سیکڑوں فیکٹریاں آج بند ہو جائیں گی

نمائندہ ایکسپریس  پير 18 نومبر 2019

 لاہور:  جوڈیشل انوائرمنٹ کمیشن کے حکم پرآج لاہور، قصور اور شیخوپورہ میں آلودگی اور سموگ کوکنٹرول کرنے کے لیے 500 بھٹوں اور 235 فیکٹریوں غیر معینہ مدت کیلیے بندکردیا جائیگا۔

اس کے علاوہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کیلیے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ہیں۔ محکمہ تخفظ ماحولیات کے افسران کی ناقص کارکردگی کی بدولت لاہورسمیت پنجاب بھرمیں بڑھتی ہوئی آلودگی اورسموگ کی صورتحال کم ہونے کی بجائے بڑھتی جا رہی ہے، جس کے پیش نظر ہائیکورٹ میں واٹرکمیشن کیس کی سماعت کے دوران جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل انوائرمنٹ کمیشن سابق جسٹس علی اکبر قریشی کی سربراہی بنانے کی ہدایات جاری کی ہیں جس پر حکومت پنجاب نے عملدرآمدکروا دیا ہے۔ گذشتہ روز جوڈیشل انوائرمنٹ کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ تخفظ ماحولیات کے افسران بھی شریک ہوئے۔

کمیشن نے لاہور، قصور اورشیخوپورہ میں بڑھتی ہوئی فضائی الودگی اور سموگ سے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں بات چیت کی۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ اضلاع میں پانچ سو بھٹہ خشت اور تین سو پینتس سے زائد دھواں چھوڑنے والی فیکڑیوںکوآج سے غیرمعینہ مدت کیلیے بندکر دیا جائیگا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر انوائرمنٹ محمد علی نے بتایاکہ جوڈیشنل انوائرمنٹ کمیشن کی ہدایت پر ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ہیں جوآج بھٹوں اورفیکٹریوںکو بندکروائیںگی، اسی طرح شیخوپورہ اور قصور میں بھی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔