بغیر کھڑکی والے طیارے اسکرین پر باہر کا پورا منظر دکھائیں گے

ویب ڈیسک  پير 18 نومبر 2019
یہ ٹچ اسکرینز طیارے کے باہر لگے کیمروں سے منسلک ہوں گی جو کہ باہر کا حقیقی منظر ہرنشست پر پیش کریں گی، فوٹو: فائل

یہ ٹچ اسکرینز طیارے کے باہر لگے کیمروں سے منسلک ہوں گی جو کہ باہر کا حقیقی منظر ہرنشست پر پیش کریں گی، فوٹو: فائل

 لندن: فضائی سفر کے دوران اکثر و بیشتر مسافروں کے درمیان کھڑکی والی نشست حاصل کرنے پر جھگڑا رہتا ہے اور زیادہ تر مسافر بورڈنگ کے وقت خصوصی طور پر کھڑکی والی نشست کی خواہش کرتے ہیں تاکہ وہ فضائی سفر میں اونچائی سے باہر کے مناظر سے لطف اندوز ہوسکیں۔

مسافروں کی شدید خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک برطانوی ٹیکنالوجی فرم نے جدت لاتے ہوئے مستقبل میں طیاروں کو اس طرح ڈیزائن کرنے کا پروگرام بنایا ہے جس میں پورا طیارہ آسمان کے پینورامک ویو (چاروں طرف پھیلے ہوئے منظر) میں تبدیل ہوجائے گا۔

اس نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے مستقبل میں طیاروں کی کھڑکیاں ختم کردی جائیں گی اور  پورا طیارہ ’او ایل ای ڈی‘ ٹچ اسکرین سے ڈھک دیا جائے گا جس سے ہر نشست ایک قسم کی ’ونڈو سیٹ‘ بن جائے گی۔

یہ ٹچ اسکرینز طیارے کے باہر لگے کیمروں سے منسلک ہوں گی جو باہر کا حقیقی منظر ہر نشست پر پیش کریں گی جب کہ مسافر اپنی مرضی سے ’او ایل ای ڈی‘ پر مناظر  کے بجائے اینٹرٹینمنٹ سسٹم کے ذریعے دیگر پروگرام دیکھ سکیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: بہت جلد آپ سفرکریں گے شیشے سے بنے ڈیجیٹل اسکرین والے جہاز میں

اگر آپ ’’او ایل ای ڈی‘‘ کے بارے میں نہیں جانتے تو بتاتے چلیں کہ یہ ’’آرگینک لائٹ ایمٹنگ ڈایوڈ‘‘ کا مخفف ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اس میں نامیاتی مرکبات (آرگینک کمپاؤنڈز) پر مشتمل ایک ایسی پتلی فلم ہوتی ہے جس میں سے بجلی گزاری جاتی ہے تو وہ روشنی خارج کرتی ہے۔

یہ ٹیکنالوجی ٹیلی ویژن، ٹیبلٹ کمپیوٹرز، موبائل فونز اور کمپیوٹر مانیٹرز میں استعمال ہورہی ہے۔ جب تک یہ طیارے حقیقت میں تیار کیے جائیں گے، امید ہے کہ تب تک اس سے کہیں زیادہ جدید اور بہتر او ایل ای ڈی ڈسپلے مارکیٹ میں آچکے ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔