ٹرمپ نے سیاسی حریف جو بائیڈن کو پاگل سے قدرے بہتر قرار دے دیا

ویب ڈیسک  پير 18 نومبر 2019
جوبائیڈن شاید بہت زیادہ سست ہیں لیکن وہ پاگل کتے سے کہیں بہتر ہیں، ٹرمپ فوٹو:ٖفائل

جوبائیڈن شاید بہت زیادہ سست ہیں لیکن وہ پاگل کتے سے کہیں بہتر ہیں، ٹرمپ فوٹو:ٖفائل

 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سیاسی حریف جوبائیڈن پر وار کرتے ہوئے انہیں پاگل کتے سے تشبیہ دے دی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 2020 میں امریکی صدارتی انتخابات کی تاریخ قریب آتے ہی سیاسی تنقید بھی زور پکڑتی جارہی ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے حریف جوبائیڈن ہیں جو الیکشن میں ڈیموکریٹ پارٹی کے مضبوط امیدوار تصور کیے جاتے ہیں۔

ٹرمپ نے سیاسی داؤ پیچ آزماتے ہوئے اپنے حریف پر نیا وار کیا ہے۔  شمالی کوریا کی حکومت نے جوبائیڈن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں پاگل کتا کہا تھا۔

اس پر ٹرمپ نے بظاہر تو جوبائیڈن کا دفاع کیا لیکن حقیقت میں ان پر گہری چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن شاید بہت زیادہ سست ہیں لیکن وہ پاگل کتے سے کہیں بہتر ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی سیاست میں خراب اور غیر پارلیمانی زبان کا استعمال نئی بات نہیں۔ اس سے قبل امریکی سیکریٹری دفاع جیمس میٹس نے مبینہ طور پر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاگل کتا کہا تھا جس پر ان کی چھٹی ہوگئی تھی جبکہ ٹرمپ کی بدزبانی بھی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔