دوسرا ٹیسٹ، اینڈرسن نے سنچری جڑکر کنٹرول کیویز کو تھما دیا

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 24 اکتوبر 2013
ٹیم کے8وکٹ پر 419 رنز،بنگلہ دیش پر 137 کی برتری، شکیب نے5وکٹیں لیں۔ فوٹو: اے پی

ٹیم کے8وکٹ پر 419 رنز،بنگلہ دیش پر 137 کی برتری، شکیب نے5وکٹیں لیں۔ فوٹو: اے پی

ڈھاکا: کورے اینڈرسن نے دوسرے ٹیسٹ کا کنٹرول کیویز کو تھما دیا، انھوں نے اپنے دوسرے ہی پانچ روزہ میچ میں کیریئر کی پہلی سنچری جڑدی۔

نیوزی لینڈ نے تیسرے دن کے اختتام تک 8 وکٹ پر 419 رنز بنالیے، اسے بنگلہ دیش پر 137 رنز کی برتری حاصل ہوگئی، کین ولیمسن اور راس ٹیلر کے بعد بریڈلی جان واٹلنگ اور اش سودھی نے بھی ففٹیز بنائیں، دونوں کریز پر موجود ہیں، شکیب الحسن نے 5 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق کیویز نے تیسرے روز کا آغاز 107 رنز تین وکٹوں سے کیا، کیریئر کا 50 واں ٹیسٹ کھیلنے والے سابق کپتان روس ٹیلرنے پانچ باؤنڈریز کی مدد سے 53 رنز بنائے، انھیں ابتدائی سیشن میں شکیب نے ناصر حسین کا کیچ بنایا، اب کین ولیمسن کو وکٹ پر کورے اینڈرسن نے جوائن کیا۔

دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کیلیے 140 رنز کی شراکت ہوئی، ولیمسن کو عبدالرزاق نے تمیم اقبال کی مدد سے 62 رنز پر قابو کیا، کورے نے 173 بالز پر 13 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 116 رنز اسکور کیے، وہ ڈیبیو کرنے والے الامین حسین کی پہلی ٹیسٹ وکٹ بنے، کیچ ایکسٹرا کور پر سوہاگ غازی نے تھاما، ڈگ بریسویل  (17) کو کاٹ بی ہائنڈ کرا کر شکیب الحسن نے پانچویں وکٹ حاصل کی، نیل ویگنر (8) کو ناصر حسین کی گیند پر مارشل ایوب نے کیچ کیا، جب تیسرے دن کے کھیل کا اختتام ہوا تو بریڈلی جان واٹلنگ 59 اور اش سودھی 55 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کے درمیان نویں وکٹ کیلیے 84 رنز کی ناقابل شکست شراکت ہوچکی، شکیب الحسن نے دسویں مرتبہ  اننگز میں پانچ یا زائد وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔