رکشا ڈرائیور کی جلد بازی نے ڈیڑھ سالہ بچی کی جان لے لی

اسٹاف رپورٹر  منگل 19 نومبر 2019
عقب سے آنیوالی بس نے ڈیڑھ سالہ ام زہرا کو روند ڈالا، زخمی باپ کا پولیس کو بیان
۔ فوٹو: فائل

عقب سے آنیوالی بس نے ڈیڑھ سالہ ام زہرا کو روند ڈالا، زخمی باپ کا پولیس کو بیان ۔ فوٹو: فائل

کراچی: نارتھ ناظم آباد میں ٹریفک حادثے میں ڈیڑھ سالہ بچی جاں بحق جبکہ والد زخمی ہو گیا۔

نارتھ ناظم آباد کے علاقے کے ڈی اے چورنگی سے بورڈ آفس کی جانب جاتے ہوئے موٹر سائیکل گرنے کے باعث اس پر سوار شیر خوار بچی عقب سے آنے والے بس کی ٹکر سے جاں بحق ہو گئی ، والد زخمی ہوگیا ، ہلاک و زخمی کو ایدھی کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچایا جہاں متوفیہ کی شناخت ڈیڑھ سالہ ام زہرا کے نام سے ہوئی جبکہ اس کے والد وسیم الدین کو طبی امداد فراہم کی جا رہ ہے۔

اس حوالے سے ایس ایچ او مظفر علی کے مطابق بچی کے والد نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ اور 2 بچوں کے ہمراہ جا رہے تھے کہ اچانک ایک رکشا ان کی موٹر سائیکل کو قریب سے اوور ٹیک کرتے ہوئے گزرا تو موٹر سائیکل کا ہنڈل رکشے سے ٹکرا گیا جس کے باعث وہ توازن برقرار نہ رکھتے ہوئے سڑک پر گر گئے اسی دوران عقب سے آنے والی بس نے میری معصوم بیٹی کو روندتے ہوئے گزر گئی نہ تو رکشے والے کا کچھ پتہ چلا اور نہ ہی بس معلوم ہو سکا۔

مظفر علی نے مزید بتایا کہ متوفیہ کے اہلخانہ نے پولیس کارروائی سے گریز کیا جس کے بعد پولیس نے بچی کی لاش ورثا کے حوالے کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔