فنڈز کی کمی: جامعات کا سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد سے معذرت

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 24 اکتوبر 2013
گورنر ہاؤس میں منعقدہ وائس چانسلرز کا اجلاس فنڈز کی فراہمی کے وعدوں پر ختم. فوٹو: فائل

گورنر ہاؤس میں منعقدہ وائس چانسلرز کا اجلاس فنڈز کی فراہمی کے وعدوں پر ختم. فوٹو: فائل

کراچی:  سندھ کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرزنے فنڈزکی فراہمی کے بغیر یونیورسٹیز میں سیکیورٹی پلان پر عمل سے معذرت کرلی ہے۔

بدھ کوگورنرہائوس میں سرکاری جامعات کے وائس چانسلر کا اجلاس گورنرسندھ کی زیرصدارت ہوا جس میں صوبائی وزیر تعلیم اور سندھ کی جامعات کے پروچانسلر نثارکھوڑو اورگورنر کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم بھی شریک ہوئے،اجلاس سرکاری جامعات کو فنڈزکی فراہمی کے وعدوں پر ختم ہوگیا، وائس چانسلرز نے واضح کیا ہے ان کے پاس اتنی رقم نہیں ہیں کہ وہ جامعات میں سی سی ٹی وی کیمروں سے مزین سیکیورٹی کا نظام قائم کرسکیں،دریں اثنا گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ یونیورسٹیز بلز میں سندھ اسمبلی کے ذریعے ترامیم کی جائیں گی۔

لیکن اس ضمن میں معیار تعلیم اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا یہ بات انھوں نے گورنر ہائوس میں سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کے اجلاس میں کہی گورنر نے کہا کہ حکومت سندھ جامعات کی مالی معاونت کے لیے اقدامات کرے گی،وائس چانسلرز اخراجات ، آمدنی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں اوراعلیٰ تعلیمی کمیشن سے مطلوبہ درکار امداد پر مبنی 2 سالہ منصوبہ بنائیں،صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ یونیورسٹیز کی مالی معاونت کے لیے محکمہ تعلیم جلد ایک سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔