مداح کیسے فنکاروں کی زندگی خوبصورت بناتے ہیں سنئے عائزہ اورماہرہ کی زبانی

ویب ڈیسک  منگل 19 نومبر 2019
ایک اداکار کامیاب اسی وقت ہوتا ہے جب اس کے چاہنے والے اسے دیکھنا چاہتے ہیں، فوٹوفائل

ایک اداکار کامیاب اسی وقت ہوتا ہے جب اس کے چاہنے والے اسے دیکھنا چاہتے ہیں، فوٹوفائل

کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کی دو مقبول اداکاراؤں ماہرہ خان اور عائزہ خان نے بتایا ہے کہ کس طرح ان کے پرستار انہیں آگے بڑھنے اور مزید کام کرنے کی طاقت دیتے ہیں۔

فنکاروں کی شہرت اورمقبولیت میں جہاں ان کا کام اور محنت شامل ہوتی ہے وہیں انہیں مداحوں سے ملنے والی محبت کا بہت بڑا ہاتھ ہوتا ہے۔ ایک اداکار کامیاب اسی وقت ہوتا ہے جب اس کے چاہنے والے اسے دیکھنا چاہتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ سُپر اسٹار بغیر پرستاروں کے کچھ نہیں۔

لیکن ایسا بہت کم دیکھنے میں آیا ہے کہ کسی فنکار نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے پرستاروں کے سر باندھا ہو اور انہیں اپنی کامیابی کی وجہ قرار دیا ہو۔  تاہم  ماہرہ خان اور عائزہ خان نے اپنی طاقت اپنے چاہنے والوں کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کس طرح ان کے مداح انہیں بے حد پیار دیتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں مزید کام کرنے کی ہمت ملتی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: وہ تمام اداکارجنہوں نے ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کو ٹھکرایا

اداکارہ ماہرہ خان کا شمار پاکستان کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کے چاہنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں جو انہیں بے حد پیار کرتے ہیں۔ حال ہی میں فیض فیسٹیول کے دوران ماہرہ خان اپنے مداحوں کی محبت بیان کرتے ہوئے رو پڑیں۔

ماہرہ خان نے کہا آپ کے مداح جو آپ کو پیار کرتے ہیں لیکن آپ کی زندگی کے بارے میں نہیں جانتے، میں ان کی زندگی کے بارے میں نہیں جانتی، میں ان کے نام بھی نہیں جانتی لیکن میرے اور میرے مداحوں کے درمیان ایک خاص رشتہ ہے کہ وہ مجھے میرے سیاہ ترین لمحات (دکھ بھرے لمحات)  میں سے کھینچ کران لمحات سے باہر نکال لیتے ہیں۔

ڈراما سیریل ’’میرے پاس تم ہو‘‘ میں بے وفا اور دھوکے باز بیوی کے کردار نے آج کل عائزہ خان کو پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی کوئین بنایا ہوا ہے اور مداح انہیں بہترین اداکاری کرنے پر بے حد سراہ رہے ہیں۔ عائزہ خان نے انسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں اپنے مداحوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اس سال کے اختتام سے پہلے میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی جنہوں نے مجھے اپنی محبتوں سے نوازا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  ڈائیلاگ ’دوٹکے کی عورت‘ پر شوبز شخصیات کا ردعمل

اس کے ساتھ ہی عائزہ خان نے اپنی روزمرہ کی روٹین مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کس طرح صبح سات بجے اٹھ کر اپنے گھر اور بچوں کو سنبھالتی ہیں۔ ناشتہ بناتی ہیں، اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑ کرآتی ہیں اور اپنے چھوٹے بیٹے کو اپنی والدہ کے پاس چھوڑ کر شوٹنگ کے لیے روانہ ہوتی ہیں۔ بعد ازاں انہیں گھر کے کام نمٹاتے ہوئے رات کے 3 بج جاتے ہیں جس کے بعد انہیں اگلے دن دوبارہ 7 بجے اٹھنا پڑتاہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کوئی کتنی ہی تنقید کرے ہیرو کا کردار کرتا رہوں گا

عائزہ خان نے کہا کبھی کبھی گھر اور کام کو سنبھالنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن پھر انہیں اپنے مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت اور تعریف کا احساس ہوتا ہے اور مداحوں کی یہی محبت انہیں ایک عام خاتون سے ’’سپر خاتون‘‘ بنادیتی ہے اور کام کرنے کی ایک نئی طاقت دیتی ہے اور وہ اپنی تمام تھکن بھول کر نئی ہمت کے ساتھ سب کچھ سنبھالنے کے لیے تیار ہوتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔