مالی میں شدت پسندوں کے حملے میں 24 فوجی ہلاک، 27 زخمی

ویب ڈیسک  منگل 19 نومبر 2019
مالی کی فوج نے جوابی کارروائی میں 17 مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 100 کو گرفتار کرلیا فوٹو:ٹوئٹر

مالی کی فوج نے جوابی کارروائی میں 17 مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 100 کو گرفتار کرلیا فوٹو:ٹوئٹر

بماکو: افریقی ملک مالی کے مشرقی علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملے میں 24 فوجی ہلاک اور 27 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہمسایہ ممالک مالی اور نائیجر کی افواج سرحدی علاقے گاؤ میں عسکریت پسندوں کے خلاف مشترکہ فوجی آپریشن کررہی تھیں کہ اس دوران ان پر ایک بڑا حملہ ہوا۔ اس واقعے میں بڑے پیمانے پر مالی کی فوج کے 24 اہلکار مارے گئے اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔

کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی جبکہ مالی کی حکومت نے بھی واقعے کی تفصیلات نہیں بتائیں تاہم مالی میں داعش کافی مضبوط سمجھی جاتی ہے اور واقعے میں اس کے ملوث ہونے کا خیال ظاہر کیا جارہا ہے۔

مالی کی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ اس حملے کے بعد پڑوسی ملک نائیجر کی حدود میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے 17 مشتبہ جہادیوں کو ہلاک کردیا اور 100 سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ ان کی 70 سے زائد موٹرسائیکلز کو بھی تباہ کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مالی میں چیک پوسٹ پر حملے میں 53 فوجی ہلاک

مالی میں حالیہ عرصے میں فوج پر یہ دوسرا بڑا حملہ ہے۔ رواں ماہ کی ہی دو تاریخ کو سرحدی علاقے میں فوجی اڈے پر حملے میں 53 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

2012 میں مالی میں القاعدہ نے وسیع و عریض علاقے پر قبضہ کرلیا تھا جس کے بعد فرانس کی فوج نے اس کے خلاف آپریشن کرکے بہت سے عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔

القاعدہ اور داعش کے خلاف کارروائی کے لیے مالی میں ’جی 5 ساحل فورس‘ کے نام سے 5 ممالک کی افواج تعینات ہیں۔ ان ممالک میں برکینا فاسو، چاڈ، مالی، موریطانیہ اور نائیجر شامل ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔