آفریدی کو امریکا کے حوالے کرنیکی کوئی وجہ نہیں، پرویز رشید

مانیٹرنگ ڈیسک  جمعرات 24 اکتوبر 2013
ایمانداری سے کہتی ہوں کہ ڈرون حملوں کے بارے میں کوئی معاہدہ میرے علم میں نہیں، حنا کھر۔ فوٹو: فائل

ایمانداری سے کہتی ہوں کہ ڈرون حملوں کے بارے میں کوئی معاہدہ میرے علم میں نہیں، حنا کھر۔ فوٹو: فائل

لاہور: وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ ڈاکٹر شکیل آفریدی کو امریکا کے حوالے کرنے کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کوواپس لائیں گے۔

ایکسپریس نیوزکے پروگرام ’’کل تک‘‘ میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا سے پاکستان کے بارے میں عالمی رائے تبدیل ہوگی کہ پاکستان مسئلے کا حصہ نہیں ہے۔ پاکستان میں آج بھی جمہوریت کمزورہے۔ ہم اہم ایشوزکے حل کی طرف جانا چاہتے ہیں ۔ پیپلزپارٹی کی رہنما حنا ربانی کھر نے کہا کہ میں انتہائی ایمانداری سے کہتی ہوں کہ ڈرون حملوں کے بارے میں کوئی معاہدہ میرے علم میں نہیں ہے۔ ہاں پرویزمشرف نے خود ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ڈرون حملوں پر انڈراسٹینڈنگ موجود ہے۔

نوازشریف ایڈ یا ٹریڈ نہ مانگیں وہ پاکستان کی امریکی منڈیوں تک رسائی مانگیں جس سے ہماری معیشت میں بہتری آئیگی۔ دفاعی تجزیہ نگار جنرل (ر)حمید گل نے کہا میراخیال ہے کہ امریکا خود ہی ڈرون حملے روک دے گا کیونکہ اب ڈرون حملوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکل رہا۔ پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ چند لوگ بہت بڑے فیصلے کرلیتے ہیں جس کا خمیازہ پوری قوم بھگتتی ہے۔ جب ہم نے نیٹوسپلائی روکی تو7ماہ تک کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوا۔ اس کا مطلب یہ کہ ہم چاہتے تو ڈرون حملے رکواسکتے تھے لیکن ہم نے اتنی جرأت پیدا ہی نہیں کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔