حکومت کا نواز شریف کی بیرون ملک روانگی کیخلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 19 نومبر 2019
کابینہ نے نیشنل ٹیرف پالیسی اور قابل تجدید توانائی پالیسی کی منظوری دے دی فوٹو:فائل

کابینہ نے نیشنل ٹیرف پالیسی اور قابل تجدید توانائی پالیسی کی منظوری دے دی فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے نواز شریف کو لندن جانے کی اجازت دینے کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 8 نکات کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے پر بھی غور کیا۔

فواد چوہدری اور فیصل واوڈا نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنج کرنے کا مشورہ دیا لیکن کابینہ ارکان کی اکثریت نے اپیل دائر کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیئے۔

بعض کابینہ ارکان نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر سپریم کورٹ کی رہنمائی لینا ضروری ہے کیونکہ ای سی ایل قانون میں واضح ہے کہ سزا یافتہ شخص بیرون ملک نہیں جا سکتا۔ بعض وزرا نے کہا کہ نواز شریف کو طبی بنیادوں پر صرف ایک بار بیرون ملک علاج کی اجازت دی گئی ہے اور حکومت کو چاہیے کہ لاہور ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کرے۔

کابینہ نے نیشنل ٹیرف پالیسی اور قابل تجدید توانائی پالیسی کی منظوری دی جبکہ ای سی سی اور کابینہ کمیٹی برائے سی پی کے فیصلوں کی توثیق کی۔ اجلاس میں وزارتوں، ڈویژن میں چیف ایگزیکٹو اور ایم ڈیز کی خالی آسامیوں کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

کابینہ کے اجلاس میں اسد عمر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی کا حلف اٹھالیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی اور صدر مملکت عارف علوی نے اسد عمر سے حلف لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔