بھارت فی الفور ہماری سرزمین خالی کرے، نیپال کی تنبیہ

ویب ڈیسک  منگل 19 نومبر 2019
نیپال اپنی ایک انچ زمین بھی کسی کے قبضے میں رہنے نہیں دے گا۔ وزیراعظم (فوٹو: فائل)

نیپال اپنی ایک انچ زمین بھی کسی کے قبضے میں رہنے نہیں دے گا۔ وزیراعظم (فوٹو: فائل)

کھٹمنڈو: نیپالی وزیر اعظم ’کے پی شرما اولی‘ نے بھارت کو متنبہ کیا ہے کہ بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی سے باز آئے اور فوری طور پر ہمارے علاقے ’کالا پانی‘ سے اپنی فوجین ہٹالے، ہم اپنی ایک انچ زمین بھی کسی کو نہیں دیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کی جانب سے ملک کا نیا سرکاری نقشہ جاری کیا گیا ہے جس میں ’کالا پانی‘ کو بھارت کا حصہ دکھایا گیا۔ نئے نقشے میں فاش غلطی پر نیپالی حکومت نے بھی سخت ردعمل دیا ہے۔ جب کہ متنازع علاقے میں بھارتی فوج کی تعیناتی پر عوامی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہوگیا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی کے یوتھ ونگ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نیپالی وزیراعظم نے جذباتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالا پانی نیپال، بھارت اور تبت کے درمیان سہہ فریقی حل طلب مسئلہ ہے جس کا تصفیہ ہونا باقی ہے لیکن اس سے پہلے ہی بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے اپنا حصہ قرار دے دیا۔

وزیراعظم شرما اولی نے کہا کہ کالا پانی نیپال کا حصہ ہے، بھارت اس علاقے سے فوری طور پر اپنی فوجیں ہٹا لے، ہم اپنی ایک انچ زمیں بھی کسی کے قبضے میں رہنے نہیں دیں گے۔ ہم بھارتی نقشے کو مسترد کرتے ہیں۔

ادھر بھارت نے موقف اختیار کیا ہے کہ نئے سرکاری نقشے میں کالا پانی سے متعلق کسی قسم کی چھیڑچھاڑ نہیں کی گئی ہے۔ تاہم نیپال کی حکومت، اپوزیشن اور دیگر سیاسی جماعتوں نے بھارتی موقف کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے ملک گیر مظاہروں کا اعلان کر رکھا ہے جو ایک ہفتے سے جاری ہیں۔

واضح رہے کہ جموں کشمیر و لداخ کو یونین ٹیریٹری میں شامل کرنے کے بعد مودی سرکار کی جانب سے جاری نئے سرکاری نقشے میں جہاں جموں کشمیر اور لداخ کو دو یونین علاقوں بناکر بھارت کا حصہ دکھایا گیا ہے ویسے ہی نیپالی علاقے کالا پانی کو بھی بھارت کا حصہ دکھایا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔