لیبیا میں بسکٹ فیکٹری پر فضائی حملے میں غیرملکی سمیت 10 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 19 نومبر 2019
فضائی حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر بنگلا دیشی شہری ہیں۔ فوٹو : فائل

فضائی حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر بنگلا دیشی شہری ہیں۔ فوٹو : فائل

طرابلس: لیبیا کے دارالحکومت میں بسکٹ بنانے والی ایک فیکٹری پر فضائی حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں وادی الربیع میں ایک فیکٹری پر فضائی حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں 5 غیر ملکی شہریوں سمیت 2 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے جب کہ 3 زخمیوں کے آج اسپتال میں دوران علاج دم توڑ دینے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے جب کہ 31 افراد اب بھی زیر علاج ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے 5 غیر ملکیوں کا تعلق بنگلادیش اور افریقہ کے ریگستانی علاقے صحارا سے ہے جب کہ دیگر 5 لیبیا کے شہری ہیں۔ زخمیوں میں سے 7 کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

جنگ زدہ لیبیا میں ایک دوسرے سے برسرپیکار فریقین کی جانب سے فضائی حملوں کا سلسلہ کئی مہینوں سے جاری ہے اور اس علاقے میں بھی قبضے کیلیے جنرل حفتر اور حکومتی فورسز کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ باغی جنرل ہفتر کے عسکری گروہ کی کارروائیوں میں زیادہ تر شہری نشانہ بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ جنرل ہفتر کی رہائی اور پھر فوج سے بغاوت کے بعد سے طرابلس پر قبضے کی لڑائی میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد شہری بے گھر ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔