امریکا میں ہمیں جس سے جو بات کرنا تھی وہ کی اور امید ہے کہ مثبت نتائج برآمد ہوں گے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعرات 24 اکتوبر 2013
امریکی حکام کے سامنے ہم نے ملک کا ہر قابل غور معاملہ اٹھایا، وزیر اعظم نواز شریف   فوٹو: اے ایف پی

امریکی حکام کے سامنے ہم نے ملک کا ہر قابل غور معاملہ اٹھایا، وزیر اعظم نواز شریف فوٹو: اے ایف پی

لندن: وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ واشنگٹن میں امریکا نے ہم سے ڈاکٹر شکیل کی رہائی اور ہم نے ڈاکٹر عافیہ کی آزادی کی بات کی وطن واپسی پر دونوں معاملات کو دیکھیں گے۔

دورہ امریکا مکمل کرنے کے بعد لندن پہنچنے پر وزیر اعظم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ امریکی انتظامیہ نے ان کے دورے میں گہری دلچسپی لی ہے۔ امریکی صدر نے ان سے بہت سی مثبت باتیں کی ہیں اور پاکستان کی ترقی میں دلچسپی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ امریکی حکام کے سامنے انہوں نے ملک کا ہر قابل غور معاملہ اٹھایا، ہم جو بات کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں، ہمیں جہاں بات کرنا تھی کی وہاں کی اور انہیں امید ہے کہ انشااللہ اس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر پر امریکا سمیت کسی بھی تیسرے ملک کا کردار نہیں چاہتا لیکن ہم چاہتے ہیں کہ امریکا اس مسئلے کے حل میں اپنا موثر کردار ادا کرے کیونکہ  تیسرے فریق کی جانب سے معاملے کے حل میں مدد کو وہ برائی نہی سمجھتے۔ ان  کاکہناتھا کہ امریکا نے ان سے ڈاکٹر شکیل کی رہائی جبکہ ہم نے امریکی حکام سے ڈاکٹر عافیہ کے معاملے پر بات کی۔ پاکستان جا کر ان تمام معاملات کا جائزہ لیں گے تاہم شکیل آفریدی کی رہائی سے متعلق ابھی کچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔