کسٹمز انٹیلی جنس کے اقدامات، منی لانڈرر گروہ کا گٹھ جوڑ ٹوٹ گیا

احتشام مفتی  بدھ 20 نومبر 2019
ایکشن پلان کے تحت اسمگلنگ مافیاز کی خفیہ نگرانی شروع کردی گئی ، اقدام سے قانونی درآمد و تجارت کرنے والوں کو فائدہ پہنچے گا
فوٹو : فائل

ایکشن پلان کے تحت اسمگلنگ مافیاز کی خفیہ نگرانی شروع کردی گئی ، اقدام سے قانونی درآمد و تجارت کرنے والوں کو فائدہ پہنچے گا فوٹو : فائل

کراچی: ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس کراچی نے اسٹیل کوائل شیٹس کی ترغیبات کی آڑ میں 5 ارب روپے مالیت کی منی لانڈرنگ پر پیشرفت کاآغازکردیا ہے جبکہ صفرشرح ڈیوٹی کے حامل الیکٹرانکس مصنوعات پربھی منی لانڈرنگ کی نشاندہی کرلی ہے جس میں پشاور، کوئٹہ اور ملتان کے درآمدکنندگان شامل ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ کے باخبرذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کے ڈائریکٹر عرفان جاوید اور ان کی ٹیم کی شعبہ جاتی بنیادوں پرمشکوک درآمدہ مصنوعات کی مس ڈکلریشن، غلط ترغیبات، ویلیوایڈیشن اور صنعتوں کی آڑ میں کلیئرنس کے خلاف کریک ڈاؤن سے کراچی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں ہونے والی منی لانڈرنگ کے منظم گروہ کا گٹھ جوڑ ٹوٹ گیاہے۔

حکام اب اس منظم گروہ کی سرگرمیوں کی پورٹ قاسم، اپریزمنٹ ایسٹ اور ویسٹ کراچی کلکٹریٹس میں بھی بیخ کنی میں متحرک ہے کیونکہ اس منظم گروہ نے ایس آراو655کا فائدہ جعلی دستاویزات پرحاصل کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں درآمدہ اسٹیل شیٹس کے 3ڈمپنگ پوائنٹس کی نشاندہی ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ دور جدید کے تقاضوں کو پوراکرنے کے لیے ڈائریکٹوریٹ نے درآمدات کی آڑ میں منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے اپنے عملے وافسران کی تربیتی پروگرام کابھی آغاز کردیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ایکشن پلان کے تحت ایران اور افغانستان سے ملحقہ سرحدوں کے ذریعے اسمگلنگ کرنے والے مافیاز کی خفیہ نگرانی شروع کردی گئی ہے اورکسٹم انفورسمنٹ کے اس اقدام سے قانونی درآمد وتجارت کرنے والوں کو فائدہ پہنچے گا۔ قانونی طورپر درآمدات کرنے والے تاجر ڈائریکٹوریٹ کسٹمز کے ساتھ تعاون سے گریزاں ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اسٹیل شیٹس کے بعد دیگر شعبوں میں ہونے والی بے قاعدگیوں کا قلع قمع کرنے کی حکمت عملی تیارکرلی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ کسٹمز انٹیلیجنس نے خفیہ معلومات پر چھاپوں میں 560 الیکٹرو گیلوینائزڈ اسٹیل کوائل قبضے میں لیاجواسمگل کرکے پاکستان لایا گیا تھا۔4درآمد کنندگان کے خلاف تحقیقات کی گئی اور تصدیق کیلئے دستاویزات طلب کی گئی، تصدیق اور تحقیقات قبضے میں لیے گئے 560کوائل میں سے 291کی تصدیق ہوگئی،حکام کی جانب سے تصدیق اور تحقیقات کے بعد 291کوائل واپس کر دیے گئے، 192 کوائل کے سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔