جعلی دستاویزات پر اسٹیل کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کی کوشش ناکام

احتشام مفتی  جمعرات 21 نومبر 2019
 کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائی، درآمدکنندہ میسرزلوئیل ٹریڈرز، احمد اورعزیزکیخلاف مقدمہ درج
 فوٹو: فائل

 کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائی، درآمدکنندہ میسرزلوئیل ٹریڈرز، احمد اورعزیزکیخلاف مقدمہ درج فوٹو: فائل

کراچی: ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس نے پورٹ قاسم پر ایک اور کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے کسٹمزپورٹ قاسم کلکٹریٹ سے جعلی دستاویزات پرمزید اسٹیل کے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کو ناکام بنادیا ہے اور متعلقہ درآمدکنندہ میسرزلوئیل ٹریڈرز جوڑیابازار کراچی، احمد اورعزیزکے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیاہے۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ اسٹیل کے درآمدی کنسائنمنٹس کے ذریعے ہونے والی بدعنوانیوں کے پیش نظرڈائریکٹرکسٹمزانٹیلیجنس کراچی عرفان جاویدکی ہدایات پراسٹیل کے کنسائنمنٹس کی کلیئرنس کی نگرانی سخت کی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ ملزمان کی جانب سے اسٹیل شیٹ کوائل کے درآمدی کنسائمنٹ کے دستاویزات میں ردوبدل کرکے کنسائنمنٹ کلیئرکرنے کی کوشش کی گئی ،ذرائع نے بتایاکہ ملزمان کی جانب سے دستاویزات میں شامل ایل سی،انوائس ،پیکنگ اوربل آف لیڈنگ میں تبدیلی کی گئی اوران ہی جعلی دستاویزات پر گڈزڈیکلریشن داخل کرکے کنسائنمنٹ کلیئرکرنے کی کوشش کی گئی لیکن ایک خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ پورٹ قاسم کلکٹریٹ سے اسٹیل شیٹ کوائل کے 9کنٹینرز پر مشتمل کنسائنمنٹس کی کلیئرنس جعلی دستاویزات پرکی جارہی ہے۔

حکام کی ہدایات پرپورٹ قاسم کلکٹریٹ سے یلوچینل کے ذریعے کلیئرہونے والے کنسائنمنٹ کو فوری طورپر روک کراس کی جانچ پڑتال کی گئی تواس حقیقت کا انکشاف ہواکہ درآمدکنندہ میسرزلوئیل ٹریڈرز جوڑیابازار کراچی، عزیزاوراحمد نے منظم حکمت عملی کے تحت جعلی دستاویزات تیار کرائیں اوران جعلی دستاویزات پرمذکورہ کنسائنمنٹ کلیئرکرنے کی کوشش کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔