الیکشن کمیشن کو یرغمال بنا کر اثرانداز ہونے کی مذمت کرتے ہیں، فردوس عاشق

ویب ڈیسک  جمعرات 21 نومبر 2019
دوسروں کی طرح احتساب سے راہ فرار اختیار کرنے والے نہیں،معاون خصوصی فوٹو: فائل

دوسروں کی طرح احتساب سے راہ فرار اختیار کرنے والے نہیں،معاون خصوصی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو یرغمال بناکر اثرانداز ہونے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ رہبر کمیٹی جسے خود رہبری کی ضرورت ہے، مسلسل چور مچائے شور فلم کا فلاپ شو پیش کر رہی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو یرغمال بنا کر اثر انداز ہونے کی مذموم کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ہم اپنے موقف اور نظریے پر ڈٹ کر کھڑے ہیں، دوسروں کی طرح احتساب سے راہ فرار اختیار کرنے والے نہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آئین کی حکمرانی، قانون کی بالادستی اور بلا تفریق احتساب کے داعی ہیں۔ پوری قوم گواہ ہے کہ ملک کی سب سے بڑی عدالت نے کسے صادق اور امین قرار دیا اور کون بددیانت ٹھہرا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی اپوزیشن کی درخواست منظور کرلی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔