اسرائیلی کمپنی نے پاکستانی سیاسی و عسکری افسران کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ہیک کرلئے

ویب ڈیسک  جمعرات 21 نومبر 2019
 10 مئی سے پہلے خریدے گئے  اینڈرائد اور آئی او ایس موبائلز تبدیل کئے جائیں، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی افسران کا ہدایت۔ فوٹو:فائل

10 مئی سے پہلے خریدے گئے اینڈرائد اور آئی او ایس موبائلز تبدیل کئے جائیں، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی افسران کا ہدایت۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: اسرائیلی کمپنی کی طرف سے پاکستان سمیت 20 ممالک کے  سیکڑوں حکومتی و ملٹری افسروں کی واٹس ایپ و فیس بک اکاؤنٹ ہیک کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

وزارت انفارمیشن و ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری ہونے والی ایڈوائزری میں انکشاف ہوا ہے کہ این ایس او گروپ نامی اسرائیلی کمپنی کی جانب سے پاکستان سمیت 20 ممالک کے 1400 سینیئر حکومتی و فوجی افسران کی واٹس ایپ و فیس بک اکاونٹ ہیک کرلئے گئے ہیں، اور اس حوالے سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے تمام حکومتی و سرکاری افسران کے لئے ایڈوائزر جاری کردیا ہے، ایکسپریس نیوز نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی طرف جاری کردہ ایڈوائزر پر مشتمل لیٹر کی کاپی حاصل کرلی ہے۔

جاری کردہ ایڈوائزر پر مشتمل لیٹر میں بتایا گیا ہے کہ ہوسٹائل اینٹیلیجنس نے موبائل فون میں اسٹور اور موبائل سے واٹس ایپ و فیس بک کے ذریعے شیئر کی جانے والی حساس معلومات تک رسائی کی صلاحیت حاصل کرلی ہے، واٹس ایپ اور فیس بک کی طرف سے 29 اکتوبر 2019 کو اسرائیل بیسڈ کمپنی این ایس او گروپ کے خلاف سان فرانسیسکو میں امریکی عدالت میں کیس دائر کیا گیا ہے، کیس واٹس ایپ کی ٹرمز اور امریکی و کیلیفور یا کے قوانین کی خلاف ورزی پر دائر کیا گیا ہے۔

خط کے متن میں پگاسس مالوئیر کے حساس معلومات تک رسائی کے امکانات و خطرات کو کم کرنے کیلئے تمام اعلی حکومتی افسروں کو ایڈوائزر پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے اور بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی کمپنی کی طرف سے پگاسس کے نام سے اسپیشل مالوئیر ایمپلائی کیا گیا ہے جس کے ذریعے 28 اپریل تا دس مئی 2019 تک پاکستان سمیت 20 ممالک کی 1400 سینئر حکومتی و ملٹری افسرمتاثر ہوئے ہیں۔

لیٹر کے ذریعے تنبیہ کی گئی ہے کہ مالوئیر کسی بھی آئی او ایس اور اینڈرائد موبائل فون کے واٹس ایپ نمبرپر صرف مس کال کے ذریعے اس موبائل میں موجود ڈیٹا تک رسائی حاصل کرسکتا ہے، حساس عہدوں پر تعینات سینئر افسران اور نیشنل سیکورٹی کے معاملات ڈیل کرنے والے افسران کو واٹس ایپ سمیت ایپلی کیشن کے ذریعے کلاسیفایڈ انفارمیشن شیئر نہ کریں اور  آئی او ایس اور اینڈرائد فونز کیلئے واٹس ایپ اپلیکیشنز گریڈ کی جائیں، 10 مئی 2019 سے پہلے خریدی جانے والے تمام اینڈرائد اور آئی او ایس موبائل فونز فوری طور پر تبدیل کئے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔