دوسرا ٹیسٹ، مومن الحق نے ایک بار پھر کیویز کی درگت بنا دی

اے ایف پی  جمعـء 25 اکتوبر 2013
ڈھاکا ٹیسٹ : بنگلہ دیشی بیٹسمین مومن الحق کا دفاعی شاٹ، عقب میں موجود کیوی وکٹ کیپر بریڈلی جان واٹلنگ کی بھی نگاہیں گیندپر مرکوز۔ فوٹو: اے ایف پی

ڈھاکا ٹیسٹ : بنگلہ دیشی بیٹسمین مومن الحق کا دفاعی شاٹ، عقب میں موجود کیوی وکٹ کیپر بریڈلی جان واٹلنگ کی بھی نگاہیں گیندپر مرکوز۔ فوٹو: اے ایف پی

ڈھاکا: مومن الحق نے ایک بار پھر کیویز کی درگت بنا دی، وہ مسلسل دوسری سنچری سے بنگلہ دیش کو میچ میں واپس لے آئے۔

چوتھے دن کے اختتام تک میزبان سائیڈ نے 3 وکٹ پر 269 رنز بنالیے، 114 رنز کی مجموعی برتری بھی حاصل ہوگئی، تمیم اقبال نے 70 رنز بنائے، اس سے قبل نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز 437 رنز پر تمام ہوئی، بریڈلی جان واٹلنگ 70 پر ناٹ آئوٹ رہے، اش سودھی نے57رنز پر بنائے۔ تفصیلات کے مطابق دوسری اننگز میں بھی میزبان اوپنر انعام الحق بڑی اننگز کا خواب آنکھوں میں لیے ہی رخصت ہوگئے، وہ سیریز میں اپنے سب سے زیادہ اسکور 22 پر نیل ویگنر کی گیند پر سلپ میں پیٹرفلٹن کا کیچ بنے، مارشل ایوب (9) کی وکٹ بھی ویگنر کے حصے میں آئی کیچ سلپ میں روس ٹیلر نے تھاما، اس موقع پر مومن الحق نے دوسرے اوپنر تمیم اقبال کیساتھ مل کر ٹیم کو مشکلات سے نکلنا شروع کیا دونوں نے مجموعے کو 212 تک پہنچایا۔

157 رنز کی شراکت بنگلہ دیش کا تیسرا وکٹ کیلیے ایک ریکارڈ ہے، تمیم70 رنز پر کین ولیمسن کی وکٹ بن گئے، سابق کپتان روس ٹیلر نے سلپ میں ایک ہاتھ سے شاندار کیچ لیا، جب دن کا اختتام ہوا تو مومن الحق 126 اور شکیب الحسن 32 رنز پر کھیل رہے تھے، مومن نے اس سے قبل چٹاگانگ میں ڈرا ہونے والے ٹیسٹ میں بھی سنچری اسکور کی تھی، اس طرح وہ تمیم کے بعد مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرنے والے دوسرے بنگلہ دیشی کرکٹر بن گئے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے دن کا آغاز 419 رنز 8 وکٹ سے کیا مگر صرف 18 رنز کے اضافے سے باقی دونوں وکٹیں بھی گرگئیں، اش سودھی 58 پر مومن الحق کی ڈائریکٹ تھرو پر رن آئوٹ ہوئے، عبدالرزاق نے ٹرینٹ بولٹ کو 4 رنز پر ایل بی ڈبلیو کرکے کیویز کی پہلی اننگز کا خاتمہ کردیا، واٹلنگ 70 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، شکیب نے 5 اور عبدالرزاق نے2وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔