شبہ ہے پی ٹی آئی کی فنڈنگ کے پیچھے پاکستان دشمن قوتوں کا پیسہ ہے، احسن اقبال

ویب ڈیسک  جمعرات 21 نومبر 2019
حکومت نواز شریف کو تضحیک کے ساتھ بیرون ملک بھیجنا چاہتی تھی، احسن اقبال

حکومت نواز شریف کو تضحیک کے ساتھ بیرون ملک بھیجنا چاہتی تھی، احسن اقبال

اسلام آباد: سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت الیکشن کمیشن کو کام سے روک رہی ہے۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان نواز شریف کو باہر بھجوانے پر مکر کررہے تھے اور اپنی سیاست کے لئے شورٹی بانڈ کی شرط رکھی جب کہ حکومت نواز شریف کو تضحیک کے ساتھ بیرون ملک بھیجنا چاہتی تھی لیکن عدالت نے آبرومندانہ اجازت دی جس پر حکومت نے عمل کیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سوچے سمجھے منصوبے کے تحت الیکشن کمیشن کو کام سے روک رہی ہے، اب سمجھ آرہا ہے کہ کیونکر تحریک الیکشن کمیشن کے دوممبران کی تقرری پر بہانے کررہی تھی، عمران نیازی اپنی چوری کا حساب دیں، ہمیں شبہ ہے کہ آپ کی فنڈنگ کے پیچھے پاکستان دشمن قوتوں کا پیسہ شامل ہے۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے 23 بے ناکامی اکاونٹس پکڑے جاچکے ہیں،  کیوں یہ اربوں روپے کی خوربرد قوم سے چھپائی گئی یہ ناقابل معافی جرم ہے، عمران خان کو قوم کو اس کا جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ 15 ماہ گزر چکے ہیں عمران صاحب آپ کی اکنامک ٹیم کہاں ہے، عمران احمد نیازی اپ 20 سال سے قوم کو الو بنا رہے تھے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ابھی عوام سے اس حکومت نے مزید تیل نچوڑنا ہے اور مہنگائی میں اگلے 6 ماہ میں مزید اضافہ ہونا ہے، جتنا فرق ٹماٹر کی قیمت میں ہے اتنا ہی فرق حکومت کی معیشت میں ہے، حکومت کے وزیر 17 روپے کلو ٹماٹر بیچتے رہے، اس فیک لیڈرشپ کو ختم کرے اصل لیڈرشپ کو لایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔