عمرشریف کی لالی ووڈ میں واپسی، فلم بنانے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 21 نومبر 2019
فلم کی شوٹنگ دبئی ، ابو ظہبی، کویت اور پاکستان میں کی جائے گی، عمر شریف۔ فوٹو: فائل

فلم کی شوٹنگ دبئی ، ابو ظہبی، کویت اور پاکستان میں کی جائے گی، عمر شریف۔ فوٹو: فائل

 کراچی: کامیڈی کے شہنشاہ اور عالمی شہرت یافتہ فنکار عمر شریف نے فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔

عمر شریف نے اداکار فیصل قریشی کے مارننگ شو میں شرکت کی اور جہاں انہوں نے گفتگو کے دوران فلم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج کل بہت اچھی فلمیں بن رہی ہیں اور اسی وجہ سے میں بھی بہت جلد فلم بنا رہا ہوں، اس حوالے سے میں نے ایک  فنکار کو کئی بارمرکزی کردار ادا  کرنے کی آفر کی حتیٰ کہ ان سے تمام معاملات بھی طے پاگئے لیکن وہ حتمی تاریخ نہیں دے  پا رہے تھے اس لئے میں نے انہیں انکار کردیا۔

عمر شریف نے کہا کہ اب اس فلم کے مرکزی کرداروں کے لئے میرے پاس دو نام ہیں جنہیں میں اپنی فلم کے کرداروں میں دیکھنا چاہتا ہوں۔اداکاروں میں ایک شان شاہد ہیں اور ایک آپ خود یعنی فیصل قریشی ہوں گے۔

کامیڈی کے شہنشاہ  نے  کہا کہ اس وقت فلم کا اسکرپٹ اور میوزک بھی تیار ہے یہاں تک کہ جگہوں کا بھی انتخاب کر لیا گیا ہے۔ فلم کی شوٹنگ دبئی ، ابو ظہبی، کویت اور پاکستان میں کی جائے گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں: بھارت جانے والے فنکاروں کو ملک کی عزت کا خیال رکھنا چاہیے، عمر شریف

واضح رہے کہ عمر شریف اب تک چھ فلمیں بنا چکے ہیں جس میں مشہور زمانہ فلم ’ مسٹر 420 ، مسٹر چارلی ، مس فتنہ آج بھی لوگوں کو یاد ہیں جب کہ  ان فلموں کی خاص بات یہ ہے کہ ان میں عمر شریف نے خود مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔