کنٹرول لائن پر گولہ باری جاری، سرحدی کشیدگی کم نہ ہو سکی،نواز شریف نے مایوس کیا، منموہن سنگھ

نیٹ نیوز / مانیٹرنگ ڈیسک  جمعـء 25 اکتوبر 2013
پاکستانی فورسز نے ہماری چیک پوسٹوں اور علاقوں پر فائرنگ کی،بھارت نے پھر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔فوٹو:فائل

پاکستانی فورسز نے ہماری چیک پوسٹوں اور علاقوں پر فائرنگ کی،بھارت نے پھر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔فوٹو:فائل

جموں:  کنٹرول لائن پر گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی سیکیورٹی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کے بعد الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نے جمعرات کوجموں اور سامبا ضلع میں بھارتی چیک پوسٹوں اور شہری آبادی پر گولہ باری کی، راکٹ داغے اور بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

دوسری جانب بھارت نے پھر الٹی کنگا بہا دی، اندرونی سازشوں میں گھرے منموہن سنگھ نے چین سے واپسی پر پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی اور کہا کہ وزیر اعظم نوازشریف نے ہمیں مایوس کیا۔ بی ایس ایف حکام کے مطابق پاکستانی فوج نے گزشتہ رات جموں کے علاقے نکی توی اور سامبا ضلع کے رامگڑھ بیلٹ میں بھارتی سرحدی چوکیوں پر مارٹر بم برسائے، راکٹ فائر کیے اور خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی ۔بھارتی فوجی حکام نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا۔

دونوں اطراف کی بارڈر سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا زبردست تبادلہ ہوا جس کا سلسلہ جمعرات کی صبح تک جاری رہا۔ تاہم اس میں فریقین کا کوئی جانی نقصان ہوا اور نہ کوئی زخمی ہوا۔ انھوں نے مزید کہا کہ گولہ باری کے بعد مقامی لوگ گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔ آن لائن کے مطابق بھارت نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان نے بین الاقوامی سرحد پر کمک بھیجنا شروع کر دی ہے اور جموں و کشمیر ریجن کے قریب بڑی تعداد میں فوجیوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے بی ایس ایف ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پاکستان نے جموں و کشمیر کے قریب سرحد پر فوجی کمک تعینات کرنا شروع کر دی ہے۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کوئلہ سکینڈل سے جان چھڑانے کیلیے پاکستان دشمنی کا سہارا لے لیا اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم کہتے ہیں پاکستان سیز فائر میں ناکام رہا ہے۔

کنٹرول لائن پر فائرنگ کے واقعات دونوں ملکوں کیلیے اچھے نہیں۔ دورہ چین سے واپسی پر دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منموہن سنگھ نے الزام لگایا کہ پاکستان ایل او سی پر سیز فائر میں ناکام رہا ہے، اسلیے سیز فائر کے بغیر معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔ نیو یارک میں نواز شریف سے ایل او سی پر بات ہو ئی تھی اور نواز شریف نے بھی سیز فائر پر اتفاق کیا تھا۔دہشت گردی خطے کیلئے سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔