جونیئر ہاکی ورلڈ کپ: مضبوط اسکواڈ منتخب کرینگے، منظور الحسن

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 25 اکتوبر 2013
 ہم سب کو ایونٹ میں اچھے نتائج کی امید رکھنی چاہیے۔قومی جونیئر ہاکی کوچ، فوٹو: فائل

ہم سب کو ایونٹ میں اچھے نتائج کی امید رکھنی چاہیے۔قومی جونیئر ہاکی کوچ، فوٹو: فائل

اسلام آباد: قومی جونیئرہاکی کوچ منظورالحسن کا کہنا ہے کہ دسمبر میں بھارتی سرزمین پر شیڈول ورلڈ کپ کیلیے مضبوط اسکواڈ منتخب کیا جائے گا۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ میں تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کیلیے پلیئرز کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری اور انھیں ہر قسم کی معاونت فراہم کی جارہی ہے، ہم سب کو ایونٹ میں اچھے نتائج کی امید رکھنی چاہیے۔ منظور الحسن نے کہا کہ ورلڈ کپ کے ابتدائی رائونڈ میں جرمنی اور بیلجیئم کی ٹیموں  کیخلاف  سخت مقابلے کی امید ہے لیکن ہم  ہر میچ کا مربوط پلان لے کر میدان میں اتریں گے ۔  انھوں نے بتایا کہ  تربیتی کیمپ میں 38 کھلاڑی حصہ لے رہے اور انھیں صبح و شام 2سیشنز میں تربیت دی جاری رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ پلیئرز کو فزیکل طور پر فٹ بنایا جائے، کیمپ میں پنالٹی کارنراور دفاعی شعبے کو مضبوط بنانے پر بھی کام ہورہا ہے۔

یاد رہے کہ عالمی جونیئر ہاکی ورلڈ کپ6 سے15دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائے گا جس میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں  حصہ لیں گی، انھیں چار گروپسں میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان کو گروپ اے میں جرمنی، بیلجیئم اور مصر کے ساتھ رکھا گیا،بی میں آسٹریلیا، اسپین، ارجنٹائن اور فرانس، سی میں ہالینڈ، جنوبی کوریا، بھارت اور کینیڈا جبکہ گروپ ڈی میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ملائیشیا شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم6دسمبر کو ابتدائی میچ مصر کیخلاف کھیلے گی،8 تاریخ کو جرمنی جبکہ 10 دسمبر کو بیلجیئم سے سامنا ہو گا۔ چاروں گروپس سے2،2 ٹیمیں کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کریں گی جس کے بعد سیمی فائنلز اور میڈل میچز کھیلے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔