جے پی ایم سی سمیت تین وفاقی اسپتالوں کی سندھ کو منتقلی غیر آئینی قرار

ویب ڈیسک  جمعرات 21 نومبر 2019
جے پی ایم سی اور این آئی سی وی ڈی کا وفاقی ادارے ہونا تسلیم شدہ ہے، سپریم کورٹ۔ فوٹو: فائل

جے پی ایم سی اور این آئی سی وی ڈی کا وفاقی ادارے ہونا تسلیم شدہ ہے، سپریم کورٹ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے جے پی ایم سی، این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ اور این ایم پی کی وفاق سے سندھ کو منتقلی غیر آئینی قرار دے دی۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق سپریم کورٹ نے وفاقی اسپتالوں کی صوبوں کو منتقلی سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا، فیصلے کے مطابق جناح اسپتال (جے پی ایم سی)، قومی ادارہ برائے امراض قلب ( این آئی سی وی ڈی)، این آئی سی ایچ اور این ایم پی کی صوبہ سندھ کو منتقلی غیر آئینی قرار دے دی ہے۔

فیصلے میں سندھ اسمبلی کا منظور شدہ این آئی سی وی ڈی ایکٹ 2014ء غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ این آئی سی ایچ 1990ء میں جے پی ایم سی سے الگ ہو کر وفاقی وزارت صحت کو منتقل ہوا جب کہ جے پی ایم سی اور این آئی سی وی ڈی کا وفاقی ادارے ہونا تسلیم شدہ ہے۔

عدالت عظمیٰ نے شیخ زید اسپتال لاہور کی بھی پنجاب حکومت منتقلی کو خلاف آئین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ زید اسپتال صوبے کو دینے کا فیصلہ وزیراعظم نے کیا وفاقی کابینہ نے نہیں۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ کیس میں اٹھارہویں ترمیم کی آئینی حیثیت پر کوئی سوال نہیں اٹھایا گیا، اٹھارہویں ترمیم کی توثیق کا فیصلہ سپریم کورٹ پہلے ہی کر چکی ہے، اٹھارہویں ترمیم میں عمل درآمد کمیشن نے اپنی حدود سے تجاوز کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔