کراچی گول پروجیکٹ: فیفا نے تحفظات کا اظہار کردیا

زبیر نذیر خان / اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 25 اکتوبر 2013
نمائندہ بجلی نہ ہونے پر حیران ،عمارت نہیں گراؤنڈ بنانے کو ترجیح دینے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

نمائندہ بجلی نہ ہونے پر حیران ،عمارت نہیں گراؤنڈ بنانے کو ترجیح دینے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

کراچی: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے ڈیولپمنٹ افسر نے کراچی گول پروجیکٹ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کردیا۔

بھارت سے آنے والے شاجی پر بھارکرن نے ہاکس بے پر زیر تعمیر منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا ، اس موقع پر سندھ فٹبال ایسوسی ایشن کے عہدیدار بھی ہمراہ تھے،فیفا کے ڈیولپمنٹ افسر کو تعمیراتی مشیر کی جانب سے بریفنگ دی گئی، پر بھارکن نے کہاکہ فٹبال کے فروغ کے لیے عمارت نہیں میدان کی ضرورت ہوتی ہے، منصوبہ میں ہنوز اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

انھوں نے کہا کہ کھیل کمروں میں نہیں بلکہ میدان میں ہوتا ہے ، چنانچہ گول پروجیکٹ میں گرائونڈ بنانے کو ترجیح دی جائے، انھوں نے پروجیکٹ میں بجلی نہ ہونے پر بھی سخت حیرت کا اظہار کیا، معلوم ہوا ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن اورصوبائی ایسوسی ایشن کی جانب سے فیفا کے ڈیولپمنٹ افسر کے سامنے وضاحت پیش کی گئی کہ بعض پیچیدگیوں اورمالی وسائل کے نہ ہونے کے باعث گول پروجیکٹ سست روی کا شکار ہوگیا، دریں اثنا شاجی پر بھارکرن نے بطور مہمان خصوصی 10 ویں پاکستان پریمیئر لیگ کا میچ دیکھا، بعد ازاں وہ واپس بھارت روانہ ہو گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔