ٹیبل ٹینس کی قومی کھلاڑی 16سالہ مہک انتقال کرگئی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 22 نومبر 2019
وفاقی حکومت نے وعدے کے باوجود طبی امداد نہیں کی،والد،وزیراعظم نے مایوس کیا،والدہ

وفاقی حکومت نے وعدے کے باوجود طبی امداد نہیں کی،والد،وزیراعظم نے مایوس کیا،والدہ

کراچی:  مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے والی سندھ جونئیر ٹیبل ٹینس کی کمسن قومی کھلاڑی مہک انور طویل علالت کے بعد 16 سال کی عمر میں انتقال کرگئی۔

کراچی کے علاقے ملیر15کی رہائشی 16 سالہ سندھ جونئیر ٹیبل ٹینس پلیئر مہک انور گزشتہ تین سال سے پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی تھی جو 20 نومبر بروز بدھ کی رات انتقال کرگئی، مہک کی دو بہنیں حریم انور اور بشری انور بھی ٹیبل ٹینس پلئیر ہیں۔

مہک انور انٹر اسکول اور انٹر کالج ٹورنامنٹس میں پوزیشن ہولڈر رہی جبکہ چوبیسویں جونیئر اینڈ کیڈٹ ٹیبل ٹینس چیمپیئن شپ میں سندھ کی نمائندگی بھی کر چکی تھی اور بین الاقوامی کھلاڑی بننا چاہتی تھی، مہک انور کے علاج کی زمہ داری بحیثیت وزیر اعظم عمران خان نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلا نوٹس مہک انور کے علاج کے انتظامات کروانے کا لیا تھا جس کے بعد وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بھی وزیراعظم کے اس نوٹس سے متعلق ٹوئیٹ کیا تھا جو محض یقین دہانی کی حد تک ہی محدود رہا۔

کاندھوں پر قرضے کا بوجھ لیے مرحومہ کے والد انور علی کا ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مہک محنتی کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ ہونہار طلبہ بھی تھی جو وزیر اعظم کی وعدہ خلافی کے سبب آج ان کے درمیان موجود نہیں ہے، اسکول میں چھٹی جماعت سے ٹیبل ٹینس شروع کیا تھا، گزشتہ تین سال سے کینسر میں مبتلا تھی، کینسر کے پہلے اسٹیج میں تھی جب کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ علاج ہوجائے گا اور ٹھیک ہو جائے گی 20لاکھ کا خرچہ بتایا تھا لیکن اس سے بھی زیادہ خرچ ہوئے، ہر اسپتال میں علاج کرایا علاج کے لیے بیوی کا زیور سب کچھ بیچ دیا30,35 لاکھ کا قرض دار ہوں، کینسر چوتھے اسٹیج تک پہنچ گیا تھا جس کی وجہ سے انتقال ہوگیا، عمران خان نے نوٹس لیا تھا اور علاج کروانے کا اعلان کیا تھا جس پر عمل درآمد نہیں ہوا پر امید تھے کہ وہ اپنا وعدہ پورا کریں گے لیکن یقین دہانی کے سوا کچھہ نہیں ہوا، ایک روپے کی بھی وزیر اعظم کی جانب سے مدد نہیں کی جاسکی، وزیراعظم جو خودکھلاڑی تھے سوچا تھا سپورٹ کرینگے ان کو سوچنا چاہیے تھا کہ اگر وعدہ کیا ہے تو اسے پورا کریں۔

مہک کی والدہ بلقیس کا کہنا تھا کہ صرف اتنی درخواست کرنا چاہتی ہوں کہ خدارا وزیر اعظم کسی ماں کے ساتھ جھوٹا وعدہ نہ کریں، بچی چاہتی تھی انٹرنیشنل پلئیر بنوں اور اپنی خواہش پوری کرنے کے لیے دن رات محنت کرتی تھی، بہن حریم انور نے بتایا کہ ہم دونوں بہنیں ہر وقت ساتھ رہتے تھے ہمیں کسی دوست کی ضرورت نہیں تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔