پاکستانی خفیہ ایجنسی مظفرنگر فسادات سے متاثرہ مسلمانوں سے رابطے کر رہی ہے، راہول گاندھی

آئی این پی  جمعـء 25 اکتوبر 2013
راہول گاندھی نے بیان دے کر بھارتی مسلمانوں کی حب الوطنی پر سوال اٹھایا ہے،بی جے پی۔فوٹو: فائل

راہول گاندھی نے بیان دے کر بھارتی مسلمانوں کی حب الوطنی پر سوال اٹھایا ہے،بی جے پی۔فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارتی حکمراں جماعت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کے خفیہ ادارے مظفرنگر فسادات کے متاثرہ مسلمانوں کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جمعرات کو مدھیہ پردیش کے علاقے اندور میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ انھیں بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بتایا ہے کہ پاکستان مظفر نگر کے فساد سے متاثرہ مسلمانوں کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہا ہے اور پاکستانی خفیہ ایجنسی نے فسادات میں مارے جانیوالے مسلمانوں کے رشتے داروں کے 10 سے 15 افراد پر مشتمل گروہ سے رابطہ کیا ہے۔

راہول گاندھی کے الزامات پر اترپردیشن کے مسلم وزیر اعظم خان نے کہا ہے کہ راہول گاندھی کو ایک چھوٹے درجے کے اہلکار کے بیانات کو اتنا سنجیدہ نہیں لینا چاہیے تھا اور اگر ایسا کوئی معاملہ تھا بھی تو وہ انتخابی تقریر میں ذکر کرنے کے بجائے مدھیہ پردیش کی حکومت سے اس معاملے پر بات کرتے۔ انتہاپسند ہندو تنظیم بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ترجمان شاہنواز نے کہا ہے کہ راہول گاندھی نے بیان دے کر بھارتی مسلمانوں کی حب الوطنی پر سوال اٹھایا ہے، وہ اپنے ان ریمارکس پر معافی مانگیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔