راولپنڈی میں 7 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کے الزام میں قریبی عزیز گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 22 نومبر 2019
ملزم کے کپڑوں سے خون لگا ہوا پایا گیا تھا، پولیس، فوٹو: فائل

ملزم کے کپڑوں سے خون لگا ہوا پایا گیا تھا، پولیس، فوٹو: فائل

راولپنڈی میں  تھانہ ایئر پورٹ کے علاقے میں سات سالہ بچی کو  زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا جب کہ  پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں مقتولہ کے قریبی عزیز  کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔پولیس نے گھر سے بچی کی لاش برآمد کرلی ہے۔

ایس پی سید علی کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کی روشنی میں بچی کے قریبی عزیز کو واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ گھر میں موجود بیڈ پر خون کے چھینٹوں کے ثبوت ملے ہیں اور ثبوتوں کی بنیاد پر تفتیش کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ سدرہ کے قریبی عزیز کے کپڑوں سے خون لگا ہوا پایا گیا ہے، اس نے اقبال جرم بھی کرلیا ہے، بہت جلد تمام حقائق عوام کے سامنے لے آئیں گے۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بچی سے زیادتی اور قتل کا نوٹس لیتے ہوئے راولپنڈی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔