(ن) لیگ چیف الیکشن کمشنر کو دھمکیاں دینا بند کرے، فردوس عاشق اعوان

ویب ڈیسک  جمعـء 22 نومبر 2019
سپریم کورٹ پرآپ نے حملہ کیا اور بریف کیسوں کی چمک آپ دکھاتے رہے، معاون خصوصی فوٹوفائل

سپریم کورٹ پرآپ نے حملہ کیا اور بریف کیسوں کی چمک آپ دکھاتے رہے، معاون خصوصی فوٹوفائل

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ چیف الیکشن کمشنر کو سیاسی دھمکیاں دینا بند کرے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ (ن) لیگ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کو دھمکیاں دینا بند کرے، لٹیرا لیگ احسن انداز میں جھوٹ کا اقبال بلند کررہی ہے، آپ کی قیادت کے تمام اکاؤنٹس ہی بیرون ملک ہیں، کاروباراورعلاج بھی فارن میں ہے، پاناما کی کرپشن اور کالی کمائی کے انبار قوم نہیں بھولی۔

معاون خصوصی نے کہا عدالتی سزایافتہ کو معصوم ثابت کرنے کے لئے عمران خان کی امانت ودیانت پر انگلی اٹھا کر احسن اقبال گناہ گار ہورہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو سیاسی دھمکیاں دینا بند کریں، سپریم کورٹ پرآپ نے حملہ کیا اور بریف کیسوں کی چمک آپ دکھاتے رہے، آج نئے بھیس میں پھر قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں، احسن صاحب آپ جس مشن ٹوئنٹی 20 پر ہیں وہ پورا نہیں ہونے والا، عمران خان 2018 میں پانچ سالہ سیریزجیت چکے ہیں۔

بعدازاں سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ تصویریں بتا رہی ہیں نواز شریف کی صحت کو کیا کیا خطرات لاحق ہیں،
انہوں نے علاج معالجے کے نام پر ائیر ایمبولنس کو بلایا اور چارٹرڈ طیارے میں بیٹھ کرگئے، جو شخص ملک کو نقصان پہنچائے اسے معاف کرنا مشکل ہوتا ہے، قوم امید کرتی ہے کہ علاج معالجے کے بعد میاں نواز شریف واپس آئیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارن فنڈنگ سے متعلق حکومت اور اپوزیشن کی تمام درخواستوں کو اکٹھاکرکے سنے، اپوزیشن نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا، انتخابات تو الیکشن کمیشن نے کرائے تھے، اپوزیشن کے قول و فعل میں تضاد ہے، رہبر کمیٹی رہزن کمیٹی بن چکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔