آسٹریلیا میں ایک شخص کا باحجاب حاملہ مسلم خاتون پر بہیمانہ تشدد

ویب ڈیسک  جمعـء 22 نومبر 2019
سی سی ٹی وی کیمرے میں پورا واقعہ محفوظ ہوگیا اور ویڈیو وائرل ہوگئی۔ فوٹو : ویڈیو گریب

سی سی ٹی وی کیمرے میں پورا واقعہ محفوظ ہوگیا اور ویڈیو وائرل ہوگئی۔ فوٹو : ویڈیو گریب

سڈنی: آسٹریلیا میں اسلام فوبیا میں مبتلا ایک جنونی شخص نے حاملہ مسلم خاتون پر حملہ کردیا اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناکر زمین پر گرا دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا کے ایک ریسٹورینٹ میں تین باحجاب خواتین بیٹھی ہوئی تھیں اور آپس میں گفتگو کرہی تھیں کہ اچانک ایک شخص ان کی ٹیبل پر آکر زور سے قہقہہ لگا کر حجاب اور مسلمانوں پر تنقید کرتا ہے۔

مذکورہ شخص کی جانب سے ہراساں کرنے کے باوجود تینوں خواتین مطمئن رہتی ہیں لیکن اچانک وہ شخص ان میں سے ایک خاتون کو زدوکوب کرتا ہے، گھونسوں اور لاتوں کی بارش کردیتا ہے۔ حاملہ خاتون درد سے کراہتے ہوئے زمین پر گر جاتی ہیں۔

اس دوران وہاں موجود دو مرد خواتین کی مدد کو آجاتے ہیں اور حملہ آور کو قابو میں کرکے پولیس کے حوالے کردیتے ہیں۔ پولیس نے حملے کو اسلامو فوبک قرار دیتے ہوئے 43 سالہ ملزم کیخلاف جسمانی تشدد اور نفرت آمیز رویے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔

زخمی خاتون کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ابتدئی طبی امداد کے بعد 33 ہفتے کی حاملہ خاتون کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ آسٹریلیا میں باحجاب مسلم خواتین پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملہ کرکے 50 نمازیوں کو شہید کرنے والا شخص بھی آسٹریلوی شہری ہی تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔