یوسف گوٹھ میں کریک ڈاؤن، اسمگل شدہ اشیا کے ذخائر برآمد

احتشام مفتی  ہفتہ 23 نومبر 2019
ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس اور پولیس کی کارروائی، 35 سے زائد افراد گرفتار، مقدمہ درج
۔ فوٹو: فائل

ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس اور پولیس کی کارروائی، 35 سے زائد افراد گرفتار، مقدمہ درج ۔ فوٹو: فائل

کراچی:  وفاقی حکومت کی انسداد اسمگلنگ سے متعلق خصوصی ہدایات پر ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس کراچی نے محکمہ پولیس کے اشتراک سے جمعرات کو سندھ اور بلوچستان کے سرحد سے متصل علاقے یوسف گوٹھ میں کریک ڈاؤن کر کے بھاری مقدار میں اسمگل شدہ اشیا کے ذخائر برآمد کرلیے۔

ذرائع  نے ایکسپریس کو بتایا کہ سندھ پولیس کے متعلقہ حکام کے ساتھ ڈائریکٹرکسٹم انٹیلی جنس ڈاکٹرعرفان جاوید خود بھی یوسف گوٹھ آپریشن میں شامل تھے، یوسف گوٹھ کے گوداموں پر چھاپے کے دوران 25 کروڑروپے کی اسمگلڈ اشیا برآمد ہوئی ہیں۔

مذکورہ آپریشن میں محکمہ پولیس کے علاوہ ڈائریکٹوریٹ کسٹم انٹیلی جنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر سعد عطا ربانی، سپرنٹنڈنٹ سکندرخانزادہ سمیت 20 افسران کی ٹیم نے حصہ لیا،گوداموں میں رکھی اسمگلڈ ٹائرز، کپڑا، الیکٹرانکس مصنوعات، چھالیہ اور انڈین گٹکے کی بڑی مقدار ضبط کرلی گئیں تاہم یوسف گوٹھ آپریشن کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے اسمگل شدہ اشیا ضبط کر کے سرکاری گودام میں جمع کروادیاگیا ہے اورکسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

دریں اثنا یوسف گوٹھ بس ٹرمینل کے محاصرے اور چھاپے کے دوران مشتعل افراد کی جانب سے کی جانے والی ہنگامہ آئی کے الزام میں پولیس نے 35 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔