کھلونوں کی آڑ میں دھماکا خیز مواد اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

احتشام مفتی  اتوار 24 نومبر 2019
میسرز اکبر ٹریڈرز نے درآمدی کنسائنمنٹ کی گڈز ڈکلریشن میں کھلونے ظاہر کیے تھے۔ فوٹو: فائل

میسرز اکبر ٹریڈرز نے درآمدی کنسائنمنٹ کی گڈز ڈکلریشن میں کھلونے ظاہر کیے تھے۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان کسٹمز پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے کھلونوں کی آڑ میں دھماکا خیز مواد اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ کلکٹر پورٹ قاسم ممتاز کھوسو کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ کھلونوں کی آڑ میں دھماکہ خیز مواد اسمگل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جس پر انہوں نے ایڈیشنل کلکٹر مشتاق علی شاہانی کی سربراہی میں ڈپٹی کلکٹر، پرنسپل اپریزر ودیگر افسران پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی جس نے کنسائنمنٹس کی نگرانی شروع کردی۔

اس دوران جانچ پڑتال کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا کہ میسرز اکبر ٹریڈرز نے کلیئرنگ ایجنٹ میسرز اے آر لاجسٹک کے ساتھ مل کر درآمد کیے جانے والے کنسائنمنٹ کی کسٹمز میں گڈزڈیکلریشن داخل کی جس میں دھماکہ خیز مواد کی بجائے کھلونے ظاہر کیے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ دوران جانچ پڑتال کے دوران کنسائنمنٹ سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔

واضح رہے کہ دھماکہ خیز مواد کی درآمد پر امپورٹ پالیسی کے تحت پابندی عائد ہے۔ پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے مذکورہ کنسائنمنٹ کو ضبط کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی جبکہ کلکٹر ممتاز کھوسو نے بہتر کارکردگی پر ٹیم میں شامل افسران کی تعریف کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔