ڈنگی نے مزید2افراد کی جان لے لی،3ہزار سے زائد افراد متاثر

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 26 اکتوبر 2013
جنگی بنیادوں پر ڈینگی اسپرے مہم کی ضرورت ہے، ماہرین۔  فوٹو: فائل

جنگی بنیادوں پر ڈینگی اسپرے مہم کی ضرورت ہے، ماہرین۔ فوٹو: فائل

کراچی:   ڈنگی وائرس نے مزید 2مریضوں کی جان لے لی جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد18ہوگئی۔

ان میں ایک مریض کراچی جبکہ دوسرے مریض کا تعلق حیدرآباد سے بتایاگیا ہے،ڈنگی سرویلنس سیل کے جمعہ کو جاری کیے جانے والے اعلامیے میں کہاگیا ہے گلستان جوہرکا رہائشی 70سالہ زمان تیز بخار میں آغاخان اسپتال لایاگیا تھا۔

گزشتہ روز مرض کی شدت کی وجہ سے چل بسا جبکہ جاں بحق ہونے والے دوسرے مریض کا تعلق حیدرآباد سے بتایاگیا ہے ،سیل کی جاری رپورٹ کے مطابق کراچی میں ڈنگی وائرس سے تواتر کے ساتھ 3 اموات رپورٹ ہوچکی ہیں ۔

انسداد ڈنگی سیل کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی تعداد18ہوگئی ان میں کراچی کے افراد17  اموات شامل ہیں، سیل کے مطابق اب تک3ہزار سے زائد افراد  وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں ، ماہرین طب کا کہنا ہے کہ ڈنگی مچھروں کے خاتمے کیلیے جنگی بنیادوں پر اسپرے  مہم کی اشد ضرورت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔