کراچی : فائرنگ سے مزید5جاں بحق، مقابلے میں گینگسٹر جبار لنگڑا مارا گیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 26 اکتوبر 2013
کورنگی میں ایک ہلاک،متحدہ کاسابق یوسی ناظم اورنگی میں نشانہ بنا کچراکنڈی سے انسانی اعضا دو ہاتھ اور دو پاؤں برآمدہوئے ،فوٹو: فائل

کورنگی میں ایک ہلاک،متحدہ کاسابق یوسی ناظم اورنگی میں نشانہ بنا کچراکنڈی سے انسانی اعضا دو ہاتھ اور دو پاؤں برآمدہوئے ،فوٹو: فائل

کراچی:  لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں رینجرزاورپولیس کے مشترکہ آپریشن کے دوران مقابلے میں لیاری گینگ وارکامرکزی ملزم جبارعرف لنگڑاہلاک ہوگیاجبکہ گینگ وارکے4ملزمان کوحراست میں لے لیا گیا،شہر میں فائرنگ اور تشدد کے دیگرواقعات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کے سابق یوسی ناظم اورایم اوسی کے رکن سمیت5افرادہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لیاری میراں ناکہ سعید آبادمیں پولیس اوررینجرز کے مشترکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لیاری گینگ وارکامرکزی ملزم جبارعرف لنگڑازخمی ہو گیا جسے رینجرزنے حراست میں لے لیاجبکہ4ملزمان کوحراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پرمنتقل کردیاگیا،زخمی ملزم کوجناح اسپتال لے جایاجارہا تھاکہ دوران سفر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔ذرائع کے مطابق حراست میں لیے جانیوالوں میں جبارلنگڑاکاقریبی ساتھی غفارموٹابھی شامل ہے۔

جبار لنگڑاسعید آباد کا رہائشی تھا، جبار اور اس کے بھائی نویدنے سال2000 سے قبل جرائم کی دنیا میں چوری اورچھیناجھپٹی سے آغاز کیاتھااور کچھ دنوں بعدارشد پپو گروپ میں شامل ہو گئے تھے،2005 میں شعیب عرف ڈاکٹراوراس کے کارندوں نے اس کے بھائی نویدکوفائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھاجس کے بعداس نے ارشدپپوگروپ سے علیحدگی اختیارکر کے عبد الرحمٰن بلوچ عرف رحمٰن ڈکیت گروپ میں شمولیت اختیارکرلی تھی،کچھ عرصے تک منشیات فروشی کا کاروبارکرتارہاجس کے بعد میراناکہ پل کے قریب مرغی والی گلی میں جوئے کااڈاکھول لیاتھا،جبارلنگڑے کی ہلاکت پرلیاری میں کشیدگی پھیل گئی،عمرلائن اورکھڈوی لائن میں رینجرزاورپولیس کے درمیان مورچہ بند فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا،جمعرات کولیاری میں کاروبارزندگی معطل رہا۔

جبکہ علاقہ مکین خوف کے باہرگھروں میں محصوررہے۔لیاری مکین نقل مکانی کی تیاری کررہے ہیں ا ن کا کہناہے اب لیاری میں شروع ہونے والی خونریزی انتہائی خوفناک صورت اختیارکرے گی،عذیربلوچ اوربابا لاڈلامیںمفاہمت کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔بغدادی لیمارکیٹ نورمحمد بلوچ روڈخواجہ جماعت خانہ یوسفی مسجدکے پاس2موٹرسائیکلوں پر سوار4نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 2 افراد40سالہ محمد افضل اور30 سالہ عبدالقادرکوہلاک کردیااورفرارہوگئے۔ایس ایچ اوبغدادی عالم ڈہری کے مطابق مذکورہ واقعہ لیاری میں جاری گینگ وار کے آپس کے تصادم کاشاخسانہ ہے،ہلاک ہونے والے دونوں افرادکاتعلق کالعدم پیپلزامن کمیٹی سے تھاجبکہ مقتولین ان دنوں بابالاڈلا کے ساتھ تھے،مقتول محمدافضل موسی لین اورمقتول عبدالقادرلائنزایریا کے رہائشی تھے۔کلاکوٹ خالق جمعہ ہال کے قریب سے بوری بندلاش ملی،پولیس کے مطابق30سالہ مغوی کونامعلوم ملزمان نے اغواکے بعدتشدد اورفائرنگ کرکے ہلاک کیاتھا۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹرساڑھے گیارہ غازی آبادمہاجرچوک محمدی مسجدکے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کاسابق یوسی ناظم 45 سالہ اکرم صدیقی جاں بحق ہوگیا،اکرم صدیقی کی ہلاکت پرکشیدگی پھیل گئی اورعلاقے کی دکانیں وکاروبار بندہوگیا،مقتول محمدی مسجدسے نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعداپنے گھر جارہاتھاکہ گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کردی،مقتول اورنگی ٹاؤن سیکٹرساڑھے گیارہ غازی آباد کارہائشی تھا جبکہ اورنگی ٹاؤن کی یو سی6کاسابقہ حق پرست ناظم اورمتحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ118/B کا کارکن تھا۔مقتول کوسیکڑوں سوگواران کی آہوں اورسسکیوں کے درمیان غازی آبادقبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔

نمازجنازہ اورتدفین میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سید شاکرعلی اورکیف الوریٰ،حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی محبوب عالم،سیف الدین خالد،محمدحسین،کراچی تنظیمی کمیٹی کے ارکان، اورنگی ٹاؤن سیکٹرکمیٹی کے عہدیداروں، یونٹ کمیٹیوں کے ذمے داران،کارکنان،ہمدردوںاور ان کے عزیزواقارب نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔کورنگی نمبر ساڑھے 3بنگالی پاڑہ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 40 سالہ خورشیدہلاک ہوگیاجس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی، مقتول گھر کے باہر بیٹھا تھا کہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کر نشانہ بن گیاجبکہ مقتول متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی کا رکن تھا جس کی ہلاکت کے بعدعلاقے میں کشیدگی پھیل گئی،مقتول گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتاتھا۔

پریڈی کے علاقے پاسپورٹ آفس کے قریب قانونی مشورے کے لیے آنے والے پولیس افسرخرم وارث کے محافظ عیسیٰ خان پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔پولیس افسر خرم وارث اپنے وکیل کے دفترگئے ہوئے تھے جبکہ انکی گاڑی کے قریب مشکوک افرادکودیکھ کر محافظ نے انھیں آواز دی تو ملزمان نے فائرنگ کردی ،پولیس افسر خرم وارث نے دہشت گردوں کے خلاف کئی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اورانھیں مسلسل سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی ملتی رہی ہیں۔بلدیہ ٹاؤن سیکٹر14/Eمیں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35سالہ جمیل زخمی ہوگیا۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اورنگی ٹاؤن13 نمبر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ نوشاد جبکہ ڈیفنس کے علاقے فیزون گولڈمارٹ شاپنگ سینٹر کے قریب فائرنگ سے 40 سالہ سخی خان زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔