پشاور میں سرچ آپریشن کے دوران مزید 37 مشتبہ افراد گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 اکتوبر 2013
رواں ماہ سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 150 سے زائد افراد کو حراست میں لے کر بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا۔   فوٹو؛فائل

رواں ماہ سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران 150 سے زائد افراد کو حراست میں لے کر بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا۔ فوٹو؛فائل

پشاور: سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے پشاور میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران مزید 37 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ اور مشنیات برآمد کرلی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس اورسیکیورٹی فورسز نے بڈھ بیر کےعلاقوں احمد خیل، بازید خیلم، کگہ ولہ، ملی خیل اورماشو گگرمیں رات گئے سرچ آپریشن کےدوران 9 اشتہاری ملزمان سمیت 37 مشتبہ افراد کوحراست میں لیا۔ ملزموں کےقبضے سے 2 کلاشنکوف، 8 ٹی ٹی پستول، 2 رائفل، 200 سے زائد کارتوس، 2 کلو چرس اور 500 گرام ہیروئن بھی برآمد کرلی گئی۔ پولیس نے حراست میں لئے جانے والے افراد کو تحقیقات کےلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

واضح رہے کہ خیبر پختونخوا دہشتگردی کی کارروائیوں کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب رواں ماہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے جس کے نتیجے میں اب تک 150 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا جاچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔