غیرملکی سرمایہ کاروں نے 1 ارب ڈالر سرمایہ لگایا، مشیرخزانہ

شہباز رانا  منگل 26 نومبر 2019

 اسلام آباد:  مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں 1 ارب ڈالر کا سرمایہ لگایا ہے۔

رواں مالی سال میں غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اتناہی اضافہ ہوا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق بیرونی سرمایہ کاروں نے بیشتر رقم سہ ماہی ٹریژری بلز کی خریداری میں صرف کی جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ غیرملکی سرمایہ کار شرح مبادلہ کے اتار چڑھاؤ سے منسلک طویل مدتی رسک لینے کیلیے تیار نہیں ہیں۔

مشیرخزانہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک اور کارانداز پاکستان کے تحت منعقد ہ پاکستان انوویٹیو فنانس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں نے حکومت کی سیکیورٹیز میں 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ان غیرملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ٹریژری بلز اور پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز میں سرمایہ کاری پر خصوصی برتاؤ روا رکھا گیا۔

مرکزی بینک کے ڈیٹا کے مطابق ٹریژری بلنز اور پی آئی بیز میں 1.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔ تاہم پی آئی بیز میں سرمایہ کاری کا حجم صرف 3.2  ملین ڈالر تھا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق 1.1 ارب ڈالر میں سے 612.7 ملین ڈالر امریکا، 466.4 برطانیہ، 5.1 ملین متحدہ عرب امارات، 496,000 ڈالر جزائر کیمین اور 363,000 آئرلینڈ سے آئے۔ اس سرمایہ کاری کے بعد غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 8.4 ارب ڈالر ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔