ٹارگٹڈ آپریشن اسنیپ چیکنگ،144افراد زیر حراست ، بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

اسٹاف رپورٹر  اتوار 27 اکتوبر 2013
لیاری میں رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران گرفتار ملزمان سے برآمد کیا جانے والا اسلحہ صحافیوں کو دکھایا جا رہا ہے(فوٹو ایکسپریس)

لیاری میں رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران گرفتار ملزمان سے برآمد کیا جانے والا اسلحہ صحافیوں کو دکھایا جا رہا ہے(فوٹو ایکسپریس)

کراچی:  شہر میں پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن ،اسنیپ چیکنگ اور محاصروں کے دوران 144 افراد کوگرفتارکرکے اسلحہ ،منشیات اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کرلیں۔

لیاری میں ٹارگٹڈ آپریشن میں مقابلے کے دوران گینگ وار کارندہ مارا گیا ،گرفتار افراد میں لیاری گینگ وار ، سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور دیگر جرائم پیشہ عناصر شامل ہیں ، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب لیاری کے چاکیواڑہ مل ایریا میں ٹارگٹڈ آپریشن کیااس دوران فائرنگ کے تبادلے میں یوسف بلوچ نامی شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئی ، رینجرز کے مطابق ہلاک ہونے والا لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کا کارندہ اور کالعدم تنظیم سے میل جول رکھتا تھا۔

اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہواہے، مقابلے میں رینجرز نے دیگر 4 افراد کو بھی گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میمن گوٹھ ، لیاری ، سہراب گوٹھ ، جمالی گوٹھ ، لانڈھی یونین کونسل نمبر3 ،سرجانی ، نیو کراچی ، قصبہ کالونی ، فرنٹیئر کالونی ، باوانی چالی ، آگرہ تاج ، ہارون سٹی ، نارتھ ناظم آباد بلاک ایس ، رضویہ سوسائٹی ، ناتھا خان ، پی آئی بی ،

ڈالمیا شانتی نگر ، گلستان جوہر حسین ہزار ہ گوٹھ اور ڈی سلوا ٹاؤن میں ٹارگٹڈ آپریشن جبکہ رینجرز نے یونیورسٹی روڈ محکمہ موسمیات اور کورنگی کے مہران ٹاؤن میں اسنیپ چیکنگ کے دوران مجموعی طور پر 50 افراد کو حراست میں لے کر ایس ایم جی ، دستی بم ، راکٹ ، منشیات ، ٹی ٹی پستول اور مختلف ہتھیاروں کی سیکڑوں گولیاں برآمد کرلیں۔

رینجرز حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ حراست میں لیے جانے والوں میں لیاری گینگ وار اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 50 افراد شامل ہیں جنھیں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ، دریں اثنا کراچی پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 76 چھاپہ مار کارروائیوں اور 3 پولیس مقابلوں 90 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ ، منشیات ، نقدی اور موبائل فون برآمد کرلیے ، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 29 مفرور ملزمان بھی شامل ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔