انڈسٹری بحران کی بڑی وجہ بھارتی فلموں کی نمائش ہے، سید نور

شوبز رپورٹر  اتوار 27 اکتوبر 2013
ہماری فلموں کو سینما گھر دستیاب نہیں ہوتے۔ فوٹو: فائل

ہماری فلموں کو سینما گھر دستیاب نہیں ہوتے۔ فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے ’’ پاکستان،یوایس ایلومنائی نیٹ ورک اور ڈیپارٹمنٹ آف سٹیٹ یوایس اے‘‘ کے اشتراک سے سیمینار گزشتہ روز مقامی لاء کالج میں ہوا۔

اس موقع پر پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید نور، شہزادرفیق، فلمسازچوہدری اعجازکامران، ڈیزائنر محمد اقبال اور وجیہہ رضا رضوی سمیت اسٹوڈنٹس بھی موجود تھے۔ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے سید نور نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کے شدید بحران میں جانے کی بہت سی وجوہات ہیں لیکن اسوقت سب سے بڑی وجہ بھارت کی امپورٹ قوانین کے تحت لائی فلمیں ہیں جن کی نمائش غیرقانونی ہے، ایک طرف بھارت سرحدوں پر گولہ باری کر رہا ہے لیکن دوسری جانب پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں کی نمائش ’’کامیابی ‘‘ کے ساتھ جاری ہے۔

ہدایتکار شہزاد رفیق نے کہا کہ ہماری فلموں کو سینما گھر دستیاب نہیں ہوتے، ایک فلم اچھا بزنس کر رہی ہو تو بھی اسکو اتار دیا جاتا ہے، ایسے میں اچھی اورمعیاری فلمیں کیسے بنائی جائیں، فلمساز چوہدری اعجاز کامران نے کہا کہ ہم اعلیٰ حکام تک متعدد بار تجاویز لے کر گئے ہیں لیکن سوائے میٹنگز کے کچھ نہیں ہوتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔