مصباح نے ٹیمپرنگ تنازع میں پڑنے سے دامن چھڑا لیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 27 اکتوبر 2013
فلیٹ پچ پرجلد آؤٹ ہونے سے سنبھل نہ سکے،ڈی ویلیئرزکا ڈراپ کیچ اہم ثابت ہوا۔ فوٹو: فائل

فلیٹ پچ پرجلد آؤٹ ہونے سے سنبھل نہ سکے،ڈی ویلیئرزکا ڈراپ کیچ اہم ثابت ہوا۔ فوٹو: فائل

دبئی: پاکستانی کپتان مصباح الحق نے بال ٹیمپرنگ تنازع میں پڑنے سے دامن چھڑا لیا۔

میڈیا کے استفسار پر انھوں نے ڈپلومیسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کا ہم سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ میچ آفیشلز اور پروٹیز کا مسئلہ تھا۔ دبئی میں شکست کے حوالے سے مصباح الحق نے کہا کہ ہم نے میچ کا آغاز خراب سیشن سے کیا، فلیٹ وکٹ پر99پر آئوٹ ہونے کے بعد ہم سنبھل نہ سکے،اس کے بعد فیلڈ میں مواقع بھی ضائع کیے، خصوصاً ڈی ویلیئرز کا ڈراپ کیچ اہم ثابت ہوا۔

مصباح اپنے وکٹ گنوانے پر بھی مایوس نظر آئے، انھوں نے کہا کہ اس وقت ایسے شاٹ کی قطعی کوئی ضرورت نہ تھی، ہم 4 وکٹ پر ہی دن کا اختتام کر سکتے تھے کیونکہ میں اور اسد سیٹ ہوچکے تھے، کپتان نے نوجوان بیٹسمین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ ایسی اننگز کھیلنے کا اہل ہے، اس میں اعتماد کی کمی تھی مگر آج بہت شاندار کھیل پیش کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔