وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ڈرون حملےنہ رکنے پرنیٹوسپلائی بند کرنےکی دھمکی دیدی

ویب ڈیسک  اتوار 27 اکتوبر 2013
وفاقی حکومت طالبان سے مذاکرات کا فوری آغاز کرے، پرویز خٹک۔ فوٹو؛ اے پی پی/فائل

وفاقی حکومت طالبان سے مذاکرات کا فوری آغاز کرے، پرویز خٹک۔ فوٹو؛ اے پی پی/فائل

اسلام آ باد: وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اگر وفاقی حکومت نے ڈرون حملے بند نہ کرائے تو ہم نیٹو سپلائی بند کرنے کا اصولی فیصلہ کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار ہے اور ہم اپنے لوگوں کی لاشیں اٹھا اٹھا کر تھک گئے ہیں، اگروفاقی حکومت طالبان سے مذاکرات کا آغاز نہیں کرتی اور امریکی ڈرون حملے بند نہیں کراتی تو صوبائی حکومت نیٹو سپلائی بند کرانے کا اصولی فیصلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور انکی جماعت پاکستان تحریک انصاف وزیرستان میں امریکی ڈرون حملوں میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع کے خلاف قومی اسمبلی میں بھی آواز اٹھا تی رہی ہے، تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے طالبان سے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز کیا جائے اور ڈرون حملے بند کرائے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔