بلدیاتی الیکشن: شیڈول کے اجرا میں قانونی رکاوٹ کا سامنا

واجد حمید  اتوار 27 اکتوبر 2013
 پنجاب کی جانب سے کمیشن کو آگا ہ کیا گیا ہے کہ حلقہ بندیاں 4 نومبرکو مکمل کی جائیں گی۔ فوٹو : فائل

پنجاب کی جانب سے کمیشن کو آگا ہ کیا گیا ہے کہ حلقہ بندیاں 4 نومبرکو مکمل کی جائیں گی۔ فوٹو : فائل

اسلام آ باد:  صوبوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن کوانتخابی شیڈول جاری کرنے میں قانونی رکاوٹ کا سامنا ہے۔

قانون کے مطابق الیکشن کمیشن صوبوں کی جانب سے حلقہ بندیاں مکمل ہونے کے نوٹیفکیشن کی کاپیاں ملنے تک شیڈول جاری نہیں کرسکتاکیونکہ ایساکرنے سے معاملہ عدالتوں میں چیلنج ہونے کاامکان ہے ۔الیکشن کمیشن نے اس قانونی رکاوٹ کو دورکرنے کے لیے صوبوں سے رابطہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعدکام زیادہ اوروقت کم ہے، لہٰذا صوبے اپنے کام جلد مکمل کریں اور پہلے مرحلے میں حلقہ بندیوں کے نوٹیفکیشن جاری کریں۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق پنجاب کی جانب سے کمیشن کو آگا ہ کیا گیا ہے کہ حلقہ بندیاں 4 نومبرکو مکمل کی جائیں گی تاہم سندھ اور بلوچستان کی جانب سے تاحال حلقہ بندیاں مکمل کرنے اور نوٹیفکیشن جاری کرنے سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔خیبرپختونخواکی جانب سے الیکشن کمیشن کوبتایاگیاتھاکہ ابھی مزید وقت لگے گا،الیکشن کمیشن ذرائع کاکہنا ہے کہ قانون کے مطابق حلقہ بندیوں کے نوٹیفکیشن جاری ہونے سے پہلے شیڈول جاری نہیں کیا جا سکتا۔الیکشن کمیشن نے منگل کو ہونے والے اجلاس میں صوبوں کو صورتحال واضح کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔