ورلڈ ٹی 20 کے شیڈول کا اعلان، پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 21 مارچ کو ہوگا

ویب ڈیسک  اتوار 27 اکتوبر 2013
آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو میگا ایونٹ کی تیاریوں کے لئے 30 نومبر تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔  فوٹو؛فائل

آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو میگا ایونٹ کی تیاریوں کے لئے 30 نومبر تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ فوٹو؛فائل

دبئی: انٹرنینشل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے شیڈول کا اعلان کردیا، میگا ایونٹ 16 مارچ 2014 سے بنگلہ دیش میں شروع ہوگا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کئے جانے والے شیڈول کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوینٹی 16 مارچ 2014 سے 6 اپریل تک جاری رہے گا۔ ورلڈ ٹی ٹوینٹی کے لئے 15 سے 23 نومبر 2013 تک کوالیفائنگ مقابلے متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ میں روائتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرہ 21 مارچ کو ہوگا۔ پاکستان دوسرا میچ 23 مارچ کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا جب کہ قومی ٹیم یکم اپریل کو دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے مدمقابل ہوگی۔

میگا ایونٹ میں 35 میچ کھیلے جائیں گے۔ میچز چار شہروں میں 23 دن تک جاری رہیں گے۔ ایونٹ میں 16 ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور  دیگر کوالیفائر ٹیمیں ایک ہی گروپ میں موجود ہیں۔ سری لنکا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقا اور دیگر کوالیفائر ٹیمیں دوسرے گروپ میں شامل ہیں۔ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو میگا ایونٹ کی تیاریوں کے لئے 30 نومبر تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔