الیکشن کمیشن ارکان کے نام پارلیمانی کمیٹی کو ارسال

ویب ڈیسک  پير 2 دسمبر 2019
اسد قیصر اور صادق سنجرانی کے درمیان ملاقات، حکومت اور اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں پر مشاورت فوٹو:فائل

اسد قیصر اور صادق سنجرانی کے درمیان ملاقات، حکومت اور اپوزیشن کے تجویز کردہ ناموں پر مشاورت فوٹو:فائل

 اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے تجویز کردہ الیکشن کمیشن ارکان کے نام پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کردیے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں سیکرٹری قومی اسمبلی اور سیکرٹری سینیٹ بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے دیے گئے ناموں پر مشاورت ہوئی۔

اسپیکر اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت کے ذریعہ جلد معاملہ حل کر لیں گے اور ڈیڈ لاک جلد ختم ہو جائے گا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے تجویز کردہ نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیئے، پارلیمانی کمیٹی کا کل اس سلسلے میں اجلاس ہوگا جس میں ان ناموں پر مشاورت کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن ارکان تقرری؛ اپوزیشن کے بعد وزیراعظم نے بھی نام تجویز کردیئے

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور وزیر اعظم عمران خان نے سندھ اور بلوچستان سے الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کے لیے 3،3 مجوزہ نام دیے ہیں۔

وزیراعظم نے سندھ کے لیے جسٹس ریٹائرڈ صادق بھٹی، جسٹس ریٹائرڈ نورالحق قریشی اور عبدالجبارقریشی جب کہ بلوچستان کے لیے ڈاکٹرفیض محمد کاکٹر، میرنوید جان بلوچ اور امان اللہ بلوچ کے نام تجویز کیے ہیں۔

شہباز شریف نے نئے چیف الیکشن کمشنر کے لیے ناصر محمود کھوسہ، جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام تجویز کیے ہیں، جبکہ دو ارکان کی تقرری کے لیے بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی ایڈووکیٹ، سابق ایڈووکیٹ جنرل محمد رؤف عطاءاور راحیلہ درانی جب کہ سندھ کے لئے نثار درانی، جسٹس(ر) عبدالرسول میمن اور اورنگزیب حق کے نام تجویز کئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔