خاتون بالر نے بغیر رن دیئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

ویب ڈیسک  پير 2 دسمبر 2019
انجلی چاند نے اپنے پہلے عالمی ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہی عالمی ریکارڈ بنا دیا۔ فوٹو : ٹویٹر

انجلی چاند نے اپنے پہلے عالمی ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہی عالمی ریکارڈ بنا دیا۔ فوٹو : ٹویٹر

کھٹمنڈو: نیپال کی بالر انجلی چاند نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 13 گیندوں پر کوئی رن دیئے بغیر مالدیپ کی 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق نیپال کے شہر پوکھرا میں ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز میں ہونے والے خواتین کے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میزبان ٹیم نے مالدیپ کی پوری ٹیم کو محض 16 رنز پر آؤٹ کردیا اور یہ ہدف صرف 5 گیندوں پر حاصل کرلیا۔

فتح سے زیادہ اس میچ کی سب سے خاص بات انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ میں ڈیبیو کرنے والی نیپال کی 24 سالہ بالر انجلی چاند کی بغیر کوئی رن دیئے 6 وکٹیں حاصل کرنا ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے صرف 13 گیندوں پر انجام دیا۔ 6 وکٹوں میں ایک ہیٹ ٹرک بھی شامل ہے۔

اس سے قبل خواتین کے انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز میں بہترین بالنگ کا اعزاز ملائیشیا کی ایلیسا یاسمین کے پاس تھا جنہوں نے رواں برس جنوری میں چین کے خلاف صرف 3 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ مردوں میں بھارت کے میڈیم پیسر دیپک چاہر نے 7 رنز دے کر بنگلا دیش کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔